خبرنامہ کشمیر

کٹھ پتلی انتظامیہ ہرگز کامیاب نہیں ہو گی، میر واعظ

سرینگر: (ملت+اے پی پی)مقبوضہ کشمیر میں حریت فورم کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق نے کہا ہے کہ پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی اور بھارتیہ جنتا پارٹی کی اتحادی کٹھ پتلی انتظامیہ غیر انسانی اور غیر جمہوری ہتھکنڈوں کے ذریعے مقبوضہ علاقے میں مسلمانوں کی آبادی کے تناسب اور جموں وکشمیر کی متنازعہ حیثیت کو نقصان پہنچانے کے ہند انتہا پسندوں کے مذموم ایجنڈے پر عمل پیرا ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق میر واعظ عمر فاروق نے ، جو عوام مجلس عمل کے سربراہ بھی ہیں،اپنی تنظیم کے اجلاس سے سرینگر میں خطاب کرتے ہوئے قابض بھارتی فورسز کی طر ف سے مقبوضہ علاقے میں جاری قتل و غارت اور خوف و ہشت کی شدید مذمت کی ۔ انہوں نے کہا کہ کٹھ پتلی انتظامیہ جموں وکشمیر میں آبادی کے تناسب اور اسکی متنازعہ حیثیت کو تبدیل کرنے کی بھر پور کوشش کر رہی ہے لیکن وہ اپنے مذموم منصوبے میں ہرگز کامیاب نہیں ہو گی۔ میر واعظ نے کہا کہ کشمیری نوجوان جب ان مذموم منصوبوں کے خلاف پر امن احتجاج کرتے ہیں تو انہیں قتل اور اندھا کر دیا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہ بدترین مظالم کے باوجود کشمیریوں کے حوصلے بلند ہیں اور وہ شہداء کے مشن کی تکمیل تک اپنی جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیے ہوئے ہیں۔ اجلاس میں ہند و انتہا پسندوں کی طرف سے جموں خطے کے علاقے کٹھوعہ میں مسلمانوں پر حملوں کی شدید مذمت کی گئی۔ اس موقع پر میر واعظ نے انجمن اوقاف جامع مسجد سرینگر کا شائع کردہ سال2017کا کلینڈر بھی جاری کیا۔