خبرنامہ کشمیر

کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ قتل عام کا جواز پیش کرنے کی کوشش کر رہی ہیں، یاسین ملک

کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ

کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ قتل عام کا جواز پیش کرنے کی کوشش کر رہی ہیں، یاسین ملک

سرینگر(ملت آن لائن) مقبوضہ کشمیر میں جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئر مین محمد یاسین ملک نے ضلع شوپیاں میں بھارتی فوجیوں کی فائرنگ سے چھ شہریوں کے قتل کے المناک واقعے کے حوالے سے کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کے حالیہ بیانات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ مقتول نوجوانوں کو عسکریت پسندوں کے معاونین قرار دیکر قتل عام کا جواز پیش کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق محمد یاسین ملک نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بیگناہ کشمیریوں کے قتل عام اور جبر و استبداد کی دیگر کارروائیوں پر پردہ ڈالنے کیلئے بے ہودہ اور لغو مفروضے تراشنا بھارتی حکومت اور اسکی کٹھ پتلیوں کا ہمیشہ یہ وطیرہ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی فورسز جس نے مقبوضہ علاقے میں لاکھوں انسانوں کو اپنی بربریتکا نشایا ہے کو بھارتی حکمرانوں اور مقبوضہ علاقے میں انکے گماشتوں کی مکمل سرپرستی حاصل ہے۔لبریشن فرنٹ کے چیئرمین نے کہا کہ بھارتی حکمرا ن اور عدلیہ سمیت ان کے تمام ادارے ادارے کشمیریوں کو اپنا دشمن تصور کرتے ہیں لہذا یہی وجہ ہے کہ ہم جا بجا بھارتی عدلیہ کے کشمیر مخالف فیصلے دیکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی سپریم کورٹ نے بھارتی فوج کی طرف سے شوپیان میں کئے گئے پچھلے قتل عام کے بارے میں جو فیصلہ دیا ہے اس میں بھی کشمیریوں کے حقوق اورعدل اور انصاف کے مسلمہ اصولوں پر نام نہاد بھارتی قومی مفاد کو فوقیت دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک نظام سے جس نے محمد مقبول بٹ کو بنا کسی شفاف ٹرائل کے تختہ دار پر لٹکانے کا حکم سنایا اور جس نے ایک اور کشمیری محمد افضل گورو کو نام نہاد قومی ضمیر کے اطمینان کا مفروضہ گھڑ کر پھانسی کی سزا سنائی کسی خیر کی امید رکھنا بے وقوفی ہے۔محمد یاسین ملک نے کہا کہ کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ وردی پوش قاتلوں کے حق میں جس طرح سے کھل کر سامنے آئی ہیں وہ انتہائی شرم ناک ہے۔انہوں نے کہا کہ نام نہاد حکمران ظلم و جبر اور سفاکیت کی نئی داستانیں رقم کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح سے ادھمپور ، ہیرا نگر ، کورٹ بھلوال ،کٹھوعہ اور دیگر جیلوں میں کشمیری نظر بندوں پر تشدد کا ایک نیا سلسلہ شروع کیا گیاہے وہ بھارتی حکمرانوں اور انکے کٹھ پتلیوں کے ظلم و جبر اور کشمیر دشمنی کی ایک اور مثال ہے۔انہوں نے کہا بھارتی حکمرانوں اور قابض انتظامیہ کو یاد رکھنا چاہئے کہ ایک روز انہیں اپنے جرائم کا حساب چکانا پڑے گا ۔ یاد رہے کہ بھارتی فوجیوں نے اتوار کے روز ضلع شوپیاں کے علاقے پوہو میں اپنے کیمپ کے قریب 6 کشمیری نوجوانوں کو گولیاں مار کر شہید کردیاتھا۔