خبرنامہ کشمیر

گیلانی اور دیگر کی مسلسل غیر قانونی نظر بندی کا نوٹس، انتظامیہ سے جواب طلب

سرینگر: (ملت+اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کمیشن نے سید علی گیلانی اور دیگر حریت رہنماؤں کی گھروں میں مسلسل غیر قانونی نظر بندی کا نوٹس لیتے ہوئے قابض انتظامیہ کو اس حوالے سے 2ہفتوں کے اندر اندر کمیشن کوجواب دینے کی ہدایت کی ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ہیومن رائٹس کمیشن کے چیئرمین جسٹس(ر) بلال احمد نازکی نے حریت رہنماؤں کی نظر بندیوں کے بارے میں اخبارات میں چھپنے والی خبروں کا نوٹس لیا ہے اورڈویزنل کمشنر کے نام ایک نوٹس کے ذریعے ان سے اس سلسلے میں جواب طلب کیا ہے۔یاد رہے کہ مقبوضہ کشمیر کی کٹھ پتلی حکومت نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی ، میر واعظ عمر فاروق ،آسیہ انداربی ،شبیر احمد شاہ، محمداشرف صحرائی سمیت کئی حریت رہنما ؤں کوغیر قانونی طور پر گھروں میں نظر بند کر رکھا ہے۔