خبرنامہ کشمیر

گیلانی کی مسلسل نظر بندی ایک سازش ،غلام نبی

سرینگر: (ملت+اے پی پی) مقبوضہ کشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماء غلام نبی سمجھی نے حریت چیئرمین سید علی گیلانی کی مسلسل نظر بندی کی شدیدمذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی حکومت اوراسکی کٹھ پتلی انتظامیہ ایک سازش کے تحت انہیں منظر عام سے ہٹانے کے منصوبوں پر عمل پیرا ہیں۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق غلام نبی سمجھی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ بھارت حکومت اور بھارت نواز سیاست دان سید علی گیلانی کوکشمیری عوام سے دور رکھ کر قوم کی جدوجہد آزادی کو کمزورکرناچاہتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ خیالات کی جنگ کی دہائی دینے والوں نے جموں و کشمیر کو مقتل گاہ میں تبدیل کردیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اگرکٹھ پتلی وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی کو خیالات کی جنگ پر یقین ہوتا تو90سال کے بزرگ سید علی گیلانی کو اس عمر میں گھر میں مسلسل نظر بند نہ رکھا جاتا۔انہوں نے مزید کہا کہ سید علی گیلانی کوعوام سے دور رکھنے کی کوشش میں ان کی قدر و منزلت مزید بڑھ جائے گی اور عوام کے دلوں میں ان کی محبت اور احترام میں اور اضافہ ہوگا۔حریت رہنماء نے کٹھوعہ میں ہندو انتہاپسندوں کی طرف سے مسلمانوں پر حملے کو پوری ملت پر حملہ قرار دیتے ہوئے کہا ’’آر ایس ایس مسلمانوں کا قتل عام کرکے جموں خطے میں مسلمانوں کی آبادی کا تناسب تبدیل کرنا چاہتی ہے۔تاہم انہوں نے کہاکہ کسی بھی صورت میں اس کی اجازت نہیں دی جائیگی ۔انہوں نے جموں کے مسلمانوں پر زور دیا کہ وہ آر ایس ایس اوربی جے پی کی مسلم دشمن سرگرمیوں کا منظم ہوکر مقابلہ کریں اور کسی بھی صورت میں ہندو انتہا پسندوں کی دھمکیوں سے مرعوب نہ ہوں۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام اور قیادت کو سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح بھارت کی چالوں کا مقابلہ کرنے کی اشد ضرورت ہے۔