خبرنامہ کشمیر

گیلانی کی ہدایت پر متاثرین آتشزدگی میں امدادی اشیاء کی تقسیم

سرینگر: (ملت+اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی کی ہدایت پر ملی ٹرسٹ نے ضلع کپواڑہ کے علاقے ٹنڈ محلہ کے متاثرین آتشزدگی میں امدادی اشیاء تقسیم کیں۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق عبدالحمید ماگرے ، رمیض راجہ، سیف الدین میر، عبدالاحد ، محمد امین صوفی ، طارق احمد زرگر اور رضاکاروں پر مشتمل ایک ٹیم نے متاثرین میں اشیائے خوردنی کے علاوہ کمبل، گرم ملبوسات، جوتے اور دیگر سامان تقسیم کیا۔ متاثرین نے اس موقع پر ٹیم کو بتایا کہ کٹھ پتلی انتظامیہ کی طرف سے تاحال انہیں عارضی شیڈ تک فراہم نہیں کیے گئے اور نہ ہی کوئی اور مدد کی گئی جس کی وجہ سے انہیں سردی کے ایام میں سخت مشکلات کا سامنا ہے۔ دریں اثنا ملی ٹرسٹ نے ان تمام صاحب ثروت افراد کا شکریہ ادا کیا ہے جنہوں نے متاثرین کی امداد کے لیے اپنا تعاون فراہم کیا ہے۔ یاد دہے کہ ٹنڈ محلہ میں ہولناک آتشزدگی میں 34 رہائشی عمارات خاکستر ہوگئی تھیں ۔دسمبر 2016 میں ہونے والی آتشزدگی کے نتیجے میں 19خاندان بے گھر ہو گئے تھے۔