خبرنامہ کشمیر

ہمارا احتجاج جبری قبضے کے خلاف: حریت قیادت

تحریک حریت

سرینگر: (ملت+اے پی پی) مقبوضہ کشمیرمیں سید علی گیلانی، میرواعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ حریت قیادت نے احتجاجی پروگرام پر مکمل عملدرآمد کے لیے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاہے کہ زندہ اور باضمیر قومیں اپنے شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرتی ہیں۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق آزادی پسندرہنماؤں نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ بازاروں کی رونق اور سڑکوں پر ٹرانسپورٹ کی نقل و حرکت سے قابض طاقتیں اس غلط فہمی میں نہ رہیں کہ ہم اپنے شہداء کو بھول گئے ہیں یا ہمارا بنیادی موقف اور اصل منزل ہماری نظروں سے اوجھل ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈھیل کے دوران لوگوں نے جس یکجہتی اور یکسوئی کا مظاہرہ کیا وہ قابض طاقتوں کے لیے واضح ریفرنڈم ہے کہ جموں وکشمیر کے لوگ پُرامن ہیں اور ہم کسی مشغلے کے لیے نہیں بلکہ بھارت کے فوجی اور جبری قبضے کے خلاف احتجاج کرتے ہیں۔جب تک جموں و کشمیر پر بھارت کا فوجی قبضہ جاری رہے گا ہم اس کے خلاف احتجاج کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ قابض حکومت کا ظلم وجبرابھی تک ختم نہیں ہوا ہے اور آزادی پسند عوام کو چُن چُن کر زندانوں کے حوالے کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ ٹارچر سیلوں اور پولیس تھانوں میں آزادی پسندوں کے خلاف انتقامی کارروائیاں جاری ہیں۔ عوام کے ساتھ ساتھ رہنماؤں پر بھی پابندیاں مزید سخت کردی گئی ہیں جبکہ بھارت کی جیلوں میں ہمارے نوجوانوں کے ساتھ متعصبانہ سلوک روارکھا جارہا ہے۔ بزرگوں سے لیکر بچوں تک کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت زندانوں کی زینت بنے ہوئے ہیں اور معصوم اور نہتے لوگ انسانی حقوق کے علمبرداروں کے قول وفعل کے تضاد کا منہ بولتا ثبوت فراہم کررہے ہیں۔ کشمیر میں اپنے بنیادی اور پیدائشی حق کے لیے جدوجہد کرنے والے عوام کو سزا کے طور پر گھپ اندھیروں کے حوالے کردیا گیا۔ اپنی سرزمین پر وسائل ہونے کے باوجود ہمیں قابض طاقتوں کے آگے ہاتھ پھیلانے کے لیے مجبور کیا جارہا ہے۔ آزادی پسند رہنماؤں نے کہا کہ ان پُرآشوب حالات میں ہمارے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھنے کے سوا کوئی چارۂ کار نہیں ہے۔ مشترکہ قیادت نے اسکولوں کے جلانے کے نہ رکنے والے سلسلے پر اپنی گہری تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ہماری دانشگاہوں کو نقصان پہنچانے والے تحریک کے خیر خواہ نہیں ہوسکتے۔ انہوں نے ایسی کسی بھی تخریبی کارروائی کی مذمت کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ وہ ان عناصر کو بے نقاب کریں۔حریت قیادت نے عوام سے اپیل کی کہ دو روز کی چھوٹ کے بعد احتجاجی پروگرام پر من وعن عمل کرکے غاصبوں کو یہ پیغام دیں کہ ہم اپنے حق، حقِ خودارادیت کے لیے اپنی تحریک جاری رکھیں گے۔