خبرنامہ کشمیر

ہمسایہ ممالک پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی سازش کر رہے ہیں، سید علی گیلانی

سرینگر (ملت + اے پی پی) مقبوضہ کشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے سرحد پار سے پاکستان پر حملوں میں اضافے پر شدید تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہاہے کہ ہمسایہ ممالک پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کیلئے دہشت گردی کو ہوا دے رہے ہیں۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سید علی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ یہ انتہائی افسوس ناک بات ہے کہ اپنے مذموم مقاصد کے حصول کیلئے فغانستان کی سرزمین کوایک لانچنگ پیڈ کے طور استعمال کیاجارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مغربی اور صیہونی طاقتوں کی سازش سے پہلے ہی کئی عرب اور افریقی مسلم ممالک میں قتل وغارت اور تباہی و بربادی کی آگ بھڑک رہی ہے اور اب یہ خونریزی پاکستان میں بھی شروع کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔حریت چیئرمین نے مھمند ایجنسی میں دہشت گردوں کے حملے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ہم کسی بھی انسان چاہے اس کا تعلق کسی بھی مذہب اور کسی بھی ملک سے ہو کے جاں بحق ہونے پر غم زدہ اور رنجیدہ ہوجاتے ہیں اور یہ ہمارے لیے انتہائی تکلیف دہ اور ناقابل برداشت صورتحال ہے اور ہم اس پر خون کے آنسو بہاتے ہیں۔