خبرنامہ کشمیر

ہندو انتہا پسندوں کی ریلیاں افسوسناک ہیں، یاسین ملک

کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ

ہندو انتہا پسندوں کی ریلیاں افسوسناک ہیں، یاسین ملک

سرینگر(ملت آن لائن) مقبوضہ کشمیر میں جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے جموں خطے کے ضلع کٹھوعہ میں ایک کم عمر بچی کی آبرو ریزی اور قتل میں ملوث مجرموں کے حق میں ہندو ایکتا منچ اور بھارتیہ جنتا پارٹی کی ریلیوں کو انتہائی شرم ناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہندو انتہا پسند اپنے حقیر مفادات کیلئے جموں خطے کو فرقہ پرستی کی نذر کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق محمد یاسین ملک نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ مقبوضہ وادی کشمیر کے مسلمان جموں خطے کی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں اور وہ کسی کو بھی وہاں کے مسلمانوں کو ضرر پہنچانے کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے۔ انہوں نے خبر دار کیا کہ اگر جموں کے مسلمانوں کے خلاف معاندانہ سرگرمیوں کا سلسلہ بند نہ کیا گیا تو مقبوضہ وادی کے لوگ ان کے تحفظ کیلئے ایک احتجاجی مہم شروع کر دیں گے۔ محمد یاسین ملک نے کہاکہ کم عمر بچی کی آ بروریزی اور قتل میں ملوث بھارتی پولیس کے افسر کی حمایت انتہائی افسوسناک اور انسانیت کے ماتھے پر دھبہ ہے۔ انہوں نے مختلف جیلوں میں نظر بند کشمیریوں کی حالت زار پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نظر بندوں کی دور دراز کی جیلوں میں منتقلی بھارتی سپریم کورٹ کی اس ہدایت کی بھی خلاف ورزی ہے جس میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ نظر بندوں کو اپنے گھروں کی نزدیک ترین جیلوں میں رکھا جائے۔