خبرنامہ کشمیر

ہڑتال کا مسلسل 127واں روز ،معمول کی زندگی متاثر

سرینگر : (ملت+اے پی پی) مقبوضہ کشمیرمیں ہفتے کومسلسل 127ویں روز بھی مسلسل ہڑتال کے باعث معمولات زندگی شدید متاثر رہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق ہڑتال کی کال کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سیدعلی گیلانی،میر واعظ عمرفاروق اور محمدیاسین ملک پر مشتمل متحدہ مزاحمتی قیادت نے غیر قانونی بھارتی قبضے اور قابض فورسز کے ہاتھوں نہتے شہریوں کے قتل اور جبر و استبداد کی دیگرکارروائیوں کیخلاف دے رکھی ہے۔ مقبوضہ علاقے میں موجودہ انتفادہ اورمسلسل ہرٹال کا سلسلہ رواں برس آٹھ جولائی کوبھارتی فوجیوں کے ہاتھوں ممتاز مجاہدکمانڈر برہان مظفروانی کے ماورائے عدالت قتل کے دوسرے روزنو جولائی کوشروع ہوا تھا۔ بھارتی فورسز نے گزشتہ چار ماہ کے دوران 113افراد کو شہید، سولہ ہزار سے زائد کو زخمی جبکہ چا ر سو سے زائد کوبصارت سے محروم کر دیا ہے۔کٹھ پتلی انتظامیہ نے اس دوران حریت رہنماؤں اور کارکنوں سمیت ہزاروں کشمیریوں کوغیرقانونی طورپر نظربند کر دیا۔