خبرنامہ کشمیر

ہیومن رائٹس واچ، انٹرنیشنل کمیشن آف جسٹس کا خرم پرویز کی رہائی کا مطالبہ

جنیوا: (اے پی پی) ہیومن رائٹس واچ اور انٹرنیشنل کمیشن آف جسٹس نے مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی ممتاز کارکن خرم پرویز کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔کشمیر میڈیاسروس کیمطابق خرم پرویز کو جمعرات کی رات کو سرینگر میں اپنی رہائشی گاہ سے گرفتار کیا گیا تھا ۔ قبل ازیں انہیں بدھ کے روز نئی دلی کے ائر پورٹ پر اس وقت حراست میں لیا گیا تھا جب وہ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے جاری اجلاس میں شرکت کیلئے جنیوا جا رہے تھے۔ ایچ آڑ ڈبلیو اور آئی سی جے نے اپنی ویب سائٹ پر جاری بیان میں بھارت سے کہا ہے کہ وہ خرم پرویز کو رہا کر کے انہیں جنیوا میں جاری اقوام متحدہ کے اجلاس میں شرکت کی اجازت دے۔ ہیومن رائٹس واچ کی جنوبی ایشیائی امور کی ڈائریکٹر میناکشی گنگولی نے اپنے بیان میں کہا کہ بھارت انسانی حقوق کے کارکنوں کو خاموش کرانے کے بجائے جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کے مسائل کی طرف توجہ دے اور مجرموں کیخلاف کارروائی کرے۔