خبرنامہ کشمیر

یاسین ملک ، ظفر اکبربٹ کا شہید کشمیری پائلٹ ندیم خطیب کو خراج عقیدت

یاسین ملک ،

یاسین ملک ، ظفر اکبربٹ کا شہید کشمیری پائلٹ ندیم خطیب کو خراج عقیدت

سرینگر(ملت آن لائن)مقبوضہ کشمیرمیں جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے شہید کشمیری پائلٹ ندیم خطیب کو ان کے یوم شہادت پر زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ وہ تحریک آزادی کشمیر کے تقدس اور طاقت کی علامت ہیں۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق محمد یاسین ملک نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ وہ کشمیر کے ایک سچے سپوت تھے جنہوں نے امریکا میں اپنی پُرتعیش زندگی تیاگ دی اور آزادی کے مقدس ہدف کی حصول کیلئے جدوجہد کی اور اسی راہ میں اپنی جان کی بازی بھی لگادی۔انہوں نے کہاکہ ہم ایک ایسے شخص کی قربانی نہیں بھول سکتے جو امریکا میں خوشحال زندگی بسر کررہا تھا لیکن اس نے تحریک آزادی کشمیر کیلئے اپنی جان کانذرانہ پیش کرکے بہادری کا ایک نیا باب رقم کیا۔ انہوں نے کہا کہ ندیم خطیب ایک پیدائشی انقلابی تھے جنہوں نے بسکو سکول میں اپنے دوست شہید اشفاق مجید وانی کے ہمراہ جدوجہد کا آغاز کیا اور دونوں نے اسی راہ میں اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا ۔یاسین ملک نے کہا کہ امریکہ میں خوشحال زندگی بسر کررہے کمرشل پائیلٹ شہید ندیم خطیب کی شہادت اور زندگی حقیقت میں ان لوگوں کیلئے چشم کشا ہے جو تحریک آزادی جموں و کشمیر کوغربت ،کمزور ا قتصادیات اوربے روزگاری کے مسائل سے جوڑتے ہیں اور کشمیری مزاحمت کاروں کو گم گشت�ۂراہ قرار دے کر اس عوامی تحریک کی نفی کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ شہید پائیلٹ ندیم خطیب جیسے شہداء ہماری تحریک آزادی کے تقدس اور طاقت کی علامت ہیں اور یہ کہ ایسے شہداء کا مقدس لہو کسی بھی صورت میں رائیگاں نہیں جاسکتا ہے۔لبریشن فرنٹ کے چیئرمین نے شہید ندیم خطیب اور تمام کشمیری شہداء کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے جدوجہد آزادی کشمیر کو اسکے منطقی انجام تک جاری رکھنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا۔ادھرجموں وکشمیر سالویشن موومنٹ چیئرمین ظفر اکبر بٹ نے بھی ایک بیان میں شہید ندیم خطیب کو ان کی برسی پر خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ندیم خطیب جموں وکشمیر کا ایک عظیم سپوت اور بہادربیٹا تھا جس نے عیش و عشرت کی زندگی ٹھکراکر رواں جدوجہدمیں عملی شمولیت اختیار کی۔دریں اثناء سالویشن موومنٹ کے ایک وفد نے محمد حنیف کی قیادت میں لبریشن فرنٹ چیئرمین محمد یاسین ملک کے گھر جاکر اْن کی مزاج پرسی کی۔انہوں نے کہاکہ کشمیری شہداء کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا اور ان کے مشن کو ہر قیمت پراس کے منطقی انجام تک جاری رکھا جائے گا ۔