خبرنامہ کشمیر

یاسین ملک بھارتی پولیس کوچکمہ دیکر پلوامہ پہنچے

سرینگر: (ملت+اے پی پی) مقبوضہ کشمیرمیں قابض بھارتی فورسز نے ضلع پلوامہ کے علاقے سمبورہ میں پر امن مظاہرین پر طاقت کا وحشیانہ کرتے ہوئے کم از کم 8افراد کو زخمی کر دیا۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں نے جمعہ کی صبح سمبورہ کا محاصرہ کر کے تلاشی آپریشن شروع کیا ۔ فورسزکے اہلکاروں نے علاقے میں ٹریفک کی آمد و رفت بھی روک دی جس کے باعث لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ بھارتی فورسز کی بلا جواز کارروائی کے خلاف علاقے کے لوگ سڑکو ں پر نکل آئے اور زبردست بھارت مخالف مظاہرے کیے۔ مظاہرین نے بھارت کے خلاف اور آزادی کے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے ۔قابض فورسز کے اہلکارو ں نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے شدید فائرنگ کی اور آنسو گیس کے گولے داغے جسکے نتیجے میں کم از کم آٹھ افراد زخمی ہوئے ۔ دو شدید زخمیوں کو سرینگر کے ایس ایم ایچ ایس ہسپتال میں داخل کیا گیا۔ آخری اطلاعات ملنے تک علاقے میں بھارت مخالف مظاہروں کا سلسلہ جار ی تھااور انکا دائرہ کاکہ پورہ اور دیگر علاقوں تک پھیل گیاتھا۔دریں اثنا جمووکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک بھارتی پولیس کی چکمہ دیکر جمعہ کو علی الصبع سرینگر سے ضلع پلوامہ پہنچے میں کامیاب ہو گئے۔ یاسین ملک کو غیر کشمیری ہندو ریفوجیوں کی ڈومیسائل سرٹیفکیٹس دینے کے کٹھ پتلی انتظامیہ کے اقدام کے خلاف علاقے میں ایک احتجاجی مظاہرے کی قیادت کرنا تھی۔