خبرنامہ کشمیر

یاسین ملک شہداء کے اہلخانہ سے ملاقات کیلئے کپواڑہ گئے

یاسین ملک شہداء کے اہلخانہ سے ملاقات کیلئے کپواڑہ گئے

سرینگر(ملت آن لائن)مقبوضہ کشمیر میں ہزاروں افراد نے پابندیوں کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے آج ضلع پلوامہ کے علاقے سامبورہ میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہونیوالے نور محمد تانترے کی نماز جنازہ میں شرکت کی ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق تین فٹ قامت کے نور محمد تانترے کی لاش ایک مکان کے ملبے سے ملی ہے جسے بھارتی فوجیوں نے ایک کریک ڈاؤن آپریشن کے دوران تباہ کر دیا تھا ۔ انتظامیہ نے علاقے کے تمام داخلی اور خارجی راستے خار دار تاریں لگا کر سیل کر دیے تھے جبکہ لوگوں کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے کیلئے بھارتی فورسز کی بھاری تعداد تعینات کی گئی تھی۔ تاہم لوگ پابندیوں کو توڑتے ہوئے ضلع کے مختلف علاقوں سے نماز جنازہ میں شرکت کیلئے آری پل کے علاقے ڈار گنائی گنڈ پہنچ گئے ۔ شہید کو آزادی کے حق میں اوربھارت کے خلاف نعروں کی گونج میں سپرد خاک کیا گیا ۔ جموں وکشمیر سالویشن موومنٹ کے وفد سمیت حریت رہنماؤں نے بھی نماز جنازہ میں شرکت کی ۔ادھر نور محمد تانترے کی شہادت پر ضلع پلوامہ میں ترال ، پامپور اوردیگر علاقوں میں مکمل ہڑتال کی گئی ۔ تمام دکانیں اور تجارتی مراکز بند رہے جبکہ سڑکوں پر ٹریفک معطل رہی ۔ انتظامیہ نے ضلع میں انٹرنیٹ اور ٹرین سروس معطل رکھی ۔جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک شہید مصرہ بیگم اور آصف اقبال کے اہلخانہ سے اظہار ہمدردی کیلئے ہندواڑہ اور کپواڑہ گئے ۔ اس موقع پر انہوں نے کہاکہ تمام بھارت نواز سیاست دان ، سیاسی جماعتیں ، لیڈراور اسمبلی اراکین کشمیریوں کی نسل کشیُ کے ذمہ دار ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کشمیریوں کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائیگا۔ یاسین ملک نے مصرہ بیگم کے اہلخانہ کے حوالے سے کہاکہ گیارہ دسمبر کو بھارتی فوجی دونوجوانوں کو کسی نامعلوم مقام سے اٹھا کر ہندواڑہ لائے اورشہید کردیا اسکے بعد مصرہ کو بھی گولی مارکر قتل کر دیاگیا۔ضلع بارہمولہ میں بارایسوسی ایشن کے اراکین اورتاجروں نے بھارتی مذاکرات کا ر دنیشور شرماکا بائیکاٹ کیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ وہ کسی بھی بے سود مشق کا حصہ نہیں بنیں گے ۔ دنیشور شرمامذاکراتکار مقرر ہونے کے بعد پیر کو تیسری مرتبہ ضلع بارہمولہ کے دورے پر پہنچے ہیں۔ دریں اثناء جموں وکشمیر مسلم کانفرنس، مسلم لیگ اور ماس موومنٹ سمیت حریت تنظیموں نے اپنے الگ الگ بیانات میں کہا ہے کہ دنیشور شرما کا وادی کشمیر کادورہ ایک بے سود مشق ہے ۔ مسلم کانفرنس کے جنرل سیکریٹری معراج الدین صالح نے ایک بیان میں کہاکہ بھارت نے ماضی میں بھی یہ حربہ اختیار کیا تاہم اس کا کوئی نتیجہ نہیں نکلا ۔