خبرنامہ کشمیر

یاسین ملک کی صورہ ہسپتال میںآسیہ اندرابی کے بیٹے کی عیادت

سرینگر : (ملت+اے پی پی) مقبوضہ کشمیرمیں جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک دختران ملت کی غیر قانونی طورپر نظربند سربراہ آسیہ اندرابی کے بیٹے احمد بن قاسم کی عیادت کیلئے صورہ ہسپتال سرینگر گئے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق آسیہ اندرابی کے چھوٹے بیٹے احمد بن قاسم کومعدے میں شدید تکلیف کی وجہ سے صورہ ہسپتال میں زیر علاج ہیں ۔ یاسین ملک نے علیل احمد بن قاسم کی تیمار داری کی اور ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ایک بیمار بچہ جس کا فوری آپریشن کیا گیا ہے کے والد ڈاکٹر محمد قاسم فکتو بھی ایک جھوٹے مقدمے میں عمر قید کو سزا کاٹ رہے ہیں جبکہ والدہ آسیہ اندرابی بھی غیر قانونی طورپر نظربند ہیں ۔انہوں نے کہاکہ مناسب تھا کہ ایسے موقع پر کم از کم ان کی والدہ کو رہا کیا جاتا تاکہ وہ ان کی تیمارداری کرسکتیں لیکن طاقت کے نشے میں چْور حکمرانوں کے یہاں انسانیت اور اخلاقیات کی کوئی قیمت نہیں اور ابھی تک انہیں رہا نہیں کیا جارہا ہے۔