خبرنامہ کشمیر

یشونت سنہا کی رپورٹ،دختران ملت کا خیر مقدم

سرینگر: (ملت+آئی این پی) دختران ملت نے بھارت کے سابق وزیر خارجہ اور بی جے پی سینئر رہنما یشونت سنہا کی رپورٹ کو عقل پر مبنی قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ مسلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے۔گزشتہ روز ایک بیان میں دختران ملت کی جنرل سیکریٹری ناہیدہ نسرین نے کہا کہ یشونت سنہا کی سربراہی والی ٹیم کی رپورٹ منطقی طور پر اگرچہ متوازن ہے تاہم یہ ان لوگوں کیلئے چشم کشا ہے جو کشمیر مسئلہ کو امن و قانون کا مسئلہ قرار دیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ بھارت کے کسی بھی وفد نے کشمیر کی حقیقت پر مبنی صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے عقل پر مبنی رپورٹ تیار کی ہے۔ ناہیدہ نصرین نیبھارتی حکومت کو ہٹ دھرمی کا راستہ ترک کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ انہیں یہ بات سمجھ لینی چاہئے کہ یہ رپورٹ انکے اپنے لوگوں نے ترتیب دی ہے۔انہوں نے حکومت ہند پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی ہی دانشوروں،سیول سوسائٹی اور عام لوگوں کے نقطہ نظر کو نظر انداز کرتے ہیں۔ انہوں نے بھارت کے عام لوگوں اور ارباب حل و عقائد پر زور دیا کہ وہ اس رپورٹ کا باریک بینی سے جائزہ لیں اور مسئلہ کشمیر کی اصل حیثیت کو پہچانیں۔ ناہیدہ نصرین نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کیلئے نئے فارمولوں کی تلاش کرنا ضروری نہیں ہے بلکہ اس تنازعہ کو حل کرنے کیلئے اقوام متحدہ کی قراردادوں کو لاگو کیا جانا چاہے۔(غ ک)