خبرنامہ کشمیر

یکسوئی اوراتحاد و اتفاق تحریک آزادی کشمیرکے بنیادی ستون ہیں،لبریشن فرنٹ

سرینگر: (ملت+اے پی پی) مقبوضہ کشمیرمیں جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ نے یکسوئی اوراتحاد و اتفاق کو تحریک آزادی کے بنیادی ستون قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی حفاظت ہم سب کا قومی و ملی فریضہ ہے۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق لبریشن فرنٹ کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ حریت قائدین اور جماعتوں کو اپنی صفوں میں اتحاد اور اتفاق کو مذیدفروغ دینے کیلئے کوششیں جاری رکھنی چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ نے کہا کہ یکسوئی اور جدوجہد میں یقینِ محکم آزادی کی تحریکوں کا اہم ستون ہوا کرتے ہیں اوراس کے ساتھ ساتھ اتحاد و اتفاق کی اہمیت سے بھی انکار نہیں کیا سکتا۔انہوں نے کہا کہ اس بنیادی ضرورت کو پیش نظر حریت قائدین نے ملت جموں وکشمیر کے درمیان اتحاد و اتفاق کے حصول کیلئے کوششیں کیں اورآج مقبوضہ علاقے میں تحریک آزادی مثالی اتحاد و اتفاق کے ساتھ رواں دواں ہے ۔انہوں نے کہاکہ اگر یہ کہا جائے کہ موجودہ مزاحمتی دَور میں یہی اتحاد و اتفاق کشمیریوں کے جذبات و احساسات اور بیش بہا قربانیوں کا ماحاصل بن چکا ہے تو بیجا نہ ہوگا۔انہوں نے کہاکہ کشمیر ی حریت قیادت کے مثالی اتحاد و اتفاق نے بھارتی حکمرانوں اور اسکی کٹھ پتلیوں کی نیندیں حرام کر دی ہیں اور وہ دوبارہ کشمیریوں کو تقسیم کرنے کی سازشوں میں مصروف ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ مزاحمتی خیمے میں شامل حریت قائدین اور جماعتوں کو بیانات جاری کرتے وقت اورکوئی سیاسی عمل کرتے ہوئے انتہائی زیادہ احتیاط کا مظاہرہ کرنا چاہئے۔