خبرنامہ کشمیر

آزاد کشمیر میں دس بجے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی

مظفر آباد(آئی این پی ).کشمیر پر بھارتی قبضے کےخلاف دنیا بھر کے کشمیری یوم یکجہتی کشمیر منا رہے ہیں ، آزاد کشمیر میں دس بجنے سے کچھ لمحے قبل ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی ،کشمیریوں سے یکجہتی کے لئے انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی گئی ۔ یوم کشمیر کے موقع پر آزاد کشمیر اور پاکستان بھر میں کشمیریوں سے یکجہتی کا اظہار کیا جارہا ہے۔آزاد کشمیر بھر میں 9بجکر58 منٹ پر سائرن بجا کر ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی ۔مظفر آباد کے سینٹرل پریس کلب کے سامنے انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی گئی اور کشمیر کی آزادی کے لئےنعرے لگائے گئے ۔ کوہالہ،ہٹیاں بالا ، باغ ،اٹھمقام،آزاد پتن اور ہجیرہ میں بھی کشمیریوں سے یکجہتی کے لئے انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی گئی ۔میرپور میں منگلاپل پر پاکستانی اور کشمیری عوام بڑی تعداد میں جمع ہوئے اور دونوں جانب کے کشمیروں نے ہاتھوں کی زنجیر بنا کر مقبوضہ کشمیر کے مظلوم بھائیوں سے یکجہتی کا اظہار کیا۔ فیصل آباد ضلع کونسل اور پریس کے کلب کے سامنے بھارت کے خلاف ا حتجاجی مظاہرےکیے گئے ۔گوجرانوالہ،بھکر اوررحیم یار خان میں ریلیاں نکالی گئیں اور کشمیریوں سے یکجہتی کا اظہار کیاگیا۔چمن میں ماڈل ہائی اسکول سے ضلع کمپلیکس تک ریلی کا انعقاد کیاگیا۔لورالائی میں فرنٹیئر کور کے زیر اہتمام میختر بازار میں موٹرسائیکل ریلی نکالی گئی۔دیامراور غذر میں بھی یوم یکجہتی کشمیر منایا جارہا ہے