خبرنامہ کشمیر

4 ،5 اور 6 کو ساڑھے تین لاکھ سے زائد لوگوں کو تہہ تیغ کیا گیا

مظفر آباد(ملت + آئی این پی) متحدہ جہاد کونسل کے چیئر مین سیدصلاح الدین نے کہا ہے کہ نومبر کے صرف تین دنوں 4 ،5 اور 6 کو ساڑھے تین لاکھ سے زائد لوگوں کو تہہ تیغ کیا گیا اور تقریباً 20 لاکھ سے زائد لوگ پاکستان ہجرت کرنے پر مجبور ہوگئے،صرف جموں شہر میں 350 مساجد کو جلا کر شہید کر دیا گیا۔ان خیالات کا اظہار حزب المجاہدین کے سربراہ اور متحدہ جہاد کونسل کے چیئر مین سیدصلاح الدین نے متحدہ جہاد کو نسل کے ایک خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے نومبر 1947ء کے شہدائے جموں کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ6 نومبر کا قتل عام تاریخ کشمیر کا ایک المناک اور وحشتناک باب ہے۔ جموں کے مسلم عوام کے ساتھ یہ سلسلہ آج بھی جاری ہے۔سید صلاح الدین نے کہا کہ شہدائے جموں کی قربانیوں کا تقاضا ہے کہ بھارتی غاصبوں کے خلاف جدوجہد ہر سطح پر اور ہر صورت میں تب تک جاری و ساری رہے جب تک پورا جموں و کشمیر مکمل طور پر آزاد نہیں ہوتااور ایسا کوئی فارمولہ یا ایسا کوئی حل کسی بھی صورت قبول نہ کیا جائے جس میں جموں کے عوام شامل نہ ہوں۔سید صلاح الدین نے ریاست کے طول و عرض میں بچوں،نوجوانوں اور حریت پسند لوگوں کی پکڑ دھکڑ اور حریت قیادت کی مسلسل نظر بندی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس طرزِ عمل کی شدید مذمت کی ہے۔ سید صلاح الدین نے واضح کیا کہ وہ وقت آرہا ہے کہ دنیا کی یہ واحد برہمن سامراجی قوت خوفناک شکست سے دوچار ہوگی۔