خبرنامہ کشمیر

5فروری کو پاکستان اور آزادکشمیر میں یوم یکجہتی کشمیر اس عہد کی تجدید ہے

مظفرآباد(ملت+ آئی این پی) آزادجموں وکشمیر کے صدر سردار محمد مسعود خان ،وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان اور وزیر اطلاعات راجہ مشتاق احمد منہاس نے کہا ہے کہ 5فروری کو پاکستان اور آزادکشمیر میں یوم یکجہتی کشمیر اس عہد کی تجدید ہے کہ کشمیر ی عوام اپنی آزادی کی جدوجہد اس وقت تک جاری رکھیں گے جب تک ساری ریاست کا آزاد ہو کر پاکستان کے ساتھ الحاق نہیں ہو جاتا ۔کشمیری مسلمانوں نے قیام پاکستان سے قبل ہی اپنا مستقبل نظریاتی طور پر پاکستان کے ساتھ وابستہ کر دیا تھا۔ ہمیں اس تاریخی فیصلے پر فخر ہے کیونکہ اہل پاکستان نے آزمائش اور مشکل کے ہر لمحے میں کشمیری عوام کو کبھی تنہا نہیں چھوڑا۔ زلزلہ ہو یا سیلاب ، بھارتی جارحیت ہو یا کوئی اور آفت سماوی حکومت پاکستان ،افواج پاکستان اور پاکستانی عوام کشمیریوں کے ساتھ جس محبت اخوت ، ہمدردی اور تعاون کا مظاہرہ کرتے ہیں اس سے یہ ثابت ہو تا ہے کہ 1947ء کو الحاق پاکستان کا فیصلہ ایک احسن قدم تھا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم یکجہتی کے موقع پر اپنے الگ الگ پیغامات میں کیا ۔صدر سردار مسعود احمد خان نے کہاکہ اس وقت بھارت کی سات لاکھ سے زیادہ فوج مقبوضہ کشمیر میں موجود ہے ۔ بھارتی افواج نے ظلم وجبر کا ایسا کوئی ہتھکنڈہ نہیں چھوڑا جو بے گناہ اور بے سروسامان کشمیری عوام پر آزمایا نہ گیا ہو لیکن کشمیری عوام جرات، پامردگی اور حوصلے سے اپنے موقف پر قائم ہیں۔ انہوں نے اپنے نصب العین کونہیں چھوڑا ۔ وہ کسی بھی صورت میں اپنے موقف سے دستبردار نہیں ہونگے۔08 جولائی 2016 کے بعد مقبوضہ کشمیر میں جدوجہد آزادی نے نئی کروٹ لی ہے ۔ برہان مظفر وانی شہید کے مشن کو لے کر نوجوان نسل سر بکف ہو گئی ہے ۔ اس تحریک میں مقبوضہ کشمیر کے عوام نے 06 ماہ کے طویل کرفیو کا سامنا کیا ۔ پندرہ سو کے لگ بھگ نوجوان شہید، 20 ہزار زخمی اور ایک ہزار تک نوجوان کلی یا جزوی طور پر بصارت سے محروم ہو چکے ہیں۔ لیکن ان کے عزم و حوصلے کمزور نہیں ہوئے ۔ کشمیری عوام کے دل و دماغ سے موت کا خوف ختم ہو چکا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ہم بھارت پر واضح کرتے ہیں کہ وہ کشمیریوں کے بنیادی حق ،حق خودارادیت میں رکاوٹ نہ بنے بلکہ سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مذاکرات کے ذریعے اس مسئلہ کو حل کرے۔صدر نے کہاکہ کشمیری عوام گزشتہ 70برس سے جاری آزادی کی تحریک اور حق خودارادیت کے حصول کیلئے بے پناہ قربانیاں دیتے چلے آ رہے ہیں ۔کشمیری قوم اسلام کی سربلندی ، پاکستان کی سلامتی ، استحکام اور تکمیل پاکستان کیلئے اپنی جد و جہدجاری رکھے گی۔پاکستان اور آزاد کشمیر کے عوام اپنے مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کی اخلاقی ، سیاسی اور سفارتی امداد سے کبھی دستبردار نہیں ہوں گے ۔مسئلہ کشمیر پر کشمیر ی عوام کا موقف بالکل واضح اور دو ٹوک ہے جس میں کوئی ابہام نہیں ہے ۔کشمیری عوام ریاست جموں و کشمیر کو ناقابل تقسیم وحدت سمجھتے ہیں ۔ ہم یہ واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ کشمیری عوام کیلئے وہی حل قابل قبول ہو گا جو کشمیری عوام کی خواہشات اور اقوام متحد ہ کی قراردادوں کے مطابق ہو گا اور یہی اس کادیر پا اور پائیدار حل ہو گا ۔ وزیر اعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہاکہ اہل پاکستان کی طرف سے اہل کشمیر کے ساتھ ہر سال 5فروری کو یوم یکجہتی کا اظہار پوری قوم کے لیے ایک ایسا اثاثہ ہے جوکشمیر ی عوام کو بھارت کے تسلط کے خلاف اور اپنے عالمی سطح پر تسلیم شدہ حق خودارادیت کی جدوجہد میں نیا جوش وولولہ اور نئی تقویت دیتا ہے۔ پاکستان کے عوام اور ریاست جموں و کشمیر کے عوام کا تعلق کسی لالچ اور کاروبار کی بنیاد پر نہیں بلکہ یہ ایسا روحانی اور مذہبی تعلق ہے جس کی پائیداری کو کوئی بھی ملک یا طاقت چیلنج نہیں کر سکتی۔اسی وجہ سے تقسیم برصغیر کے نتیجہ میں پاکستان 14اگست 1947کو معرض وجود میں آیا مگر کشمیری عوام نے 19جولائی 1947کو قرارداد الحاق پاکستان منظور کر کے نئے سیاسی مستقبل کا فیصلہ کر لیا اور جب پاکستان دنیا کے نقشے پر نمودار ہو گیا تو جموں وکشمیر سے لاکھوں کی تعداد میں کشمیریوں نے پاکستان کی طرف ہجرت کی اور اپنے اس سفر میں تین لاکھ سے زائد کشمیریوں کو پاکستان سے محبت کے اظہار پر گولیوں کا نشانہ بنایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست جموں وکشمیر کا فطری،ثقافتی، مذہبی اور معاشی تعلق بھارت کے مقابلے میں پاکستان سے زیادہ ہے۔پاکستان کے دفاع ،استحکام اور سا لمیت کے لیے ہمیشہ کے لیے ایک قدم آگے رہے۔بھارت سے جنگ ہو یا دہشتگردی کے خلاف جنگ ،معاشی میدان میں منگلا ڈیم کی تعمیرہو یا نیلم جہلم منصوبہ، ہر موقع پر کشمیریوں نے پاکستان کے لیے قربانیاں دینے میں فخر محسوس کیااور آئندہ بھی دیتے رہیں گے۔انہوں نے کہا دوسری طرف پاکستان کی حکومتوں ،مسلح افواج اور عوام نے ہمیشہ کشمیریوں کے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت کے لیے ڈنکے کی چوٹ پر عالمی فورمز پر دوٹوک اور ببانگ دہل حمایت کی ۔وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف نے عالمی فورمز پر کشمیر یوں کے حق خودارادیت کے حق میں آواز بلند کی اور تحریک حق خودارادیت کے لیے اخلاقی ،سیاسی اور سفارتی محاذ پر قیادت کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ 5فروری یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر ہم اپنا یہ عزم بھی دہراتے ہیں کہ جب تک کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت نہیں مل جاتا اس وقت تک اہل پاکستان اور آزادکشمیر کے عوام مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔ انہوں نے کہا پاکستان اور کشمیر لازم وملزوم ہیں ۔پاکستانی قوم اور پاکستانی حکومت کی طرف سے یوم یکجہتی کشمیر منائے جانے سے تحریک آزادی کشمیر میں نئی روح پھونک دی ہے۔مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج کے ہاتھوں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں پر بھارت کی شدید مذمت کرتے ہوئے اقوام عالم سے مطالبہ کرتا ہوں کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے ہاتھوں انسانی حقوق کی سنگین پامالیاں بند کرائیں اور اقوام متحدہ کی منظور شدہ قراردادوں پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا تحریک آزادی کشمیر کے بیس کیمپ کی حکومت اور عوام مقبوضہ کشمیر کے عوام کی حق خوداردیت کی جاری جدوجہد کی کامیابی تک اپنی کاوشیں جاری رکھیں گے اور کشمیری شہداء کا لہو رنگ لا کر رہے گااوربھارتی حکمران ریاستی دہشت گردی کے ذریعے ریاست جموں و کشمیر کے عوام کی حق خودارادیت کی جدوجہد کو سرد نہیں کر سکتے۔ وزیر اطلاعات راجہ مشتاق احمد منہاس نے کہا کہ 05فروری کا دن پاکستانیوں اور کشمیریوں کے لازول رشتہ کی پہچان ہے۔ جسے کئی دہائیوں سے یادگار طریقے سے منایا جاتا ہے جو پاکستانیوں اور کشمیریوں کے مذہبی،ثقافتی اور سماجی ہم آہنگی کی پہچان ہے۔انہوں نے کہاوزیرا عظم پاکستان میاں محمد نواز شریف نے برہان وانی کا نام لیکر جس طرح شہداء کشمیر کو خراج عقیدت پیش کیا اس نے شہداء کے لواحقین کے سر فخر سے بلند کر دئیے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ تحریک آزادی کشمیر کے بیس کیمپ کی حکومت کشمیری شہداء کی امانت ہے ۔تحریک آزادی کشمیر کے بیس کیمپ میں پیپلز پارٹی کی حکومت کشمیری شہدا کے خون کو رائیگاں نہیں جانے دے گی۔ میں یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے بین الاقوامی برادری سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ جنوبی ایشیا میں مستقل امن کے لیے کشمیر کا مسئلہ حل کروائے کیونکہ برصغیر جنوبی ایشیا میں مستقل امن وخوشحالی مسئلہ کشمیر کے حل سے ہی ممکن ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام گزشتہ 70 سال سے اقوام متحدہ کی منظور شدہ قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔کشمیریوں کی جدوجہد کامیابیوں سے ہمکنار ہو کر رہے گی۔مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی افواج کشمیریوں کی منظم نسل کشی اور جارحانہ اقدامات کی وجہ سے جنگی جرائم میں ملوث ہے اسکے خلاف جنگی جرائم کے ٹربیونل میں مقدمات درج کیے جائیں۔دونوں اطراف کے کشمیریوں کو جدا کرنے والی خونی لکیر مٹ کر رہے گی
خبرنمبر 27۔۔۔۔۔۔ 04 فروری 2017ء۔۔۔۔۔۔
آج دنیا بھر میں مقیم کشمیری یوم ہکجتی کشمیر ملی و قومی جوش و جذبے ‘بھر پور طریقے سے منا کر یہ ثابت کر دیں گے کہ تحریک آزادی کشمیر میں مظلوم کشمیری تنہا نہیں ہیں بلکہ پوری پاکستانی اور کشمیری قوم ان کی اس جدوجہد میں ان کے ساتھ ہے
آزاد کشمیر کے وزیر جنگلات سردار میراکبر خان کی صحافیوں سے بات چیت
مظفرآباد(آئی این پی)آزاد کشمیر کے وزیر جنگلات سردار میراکبر خان نے کہا ہے کہ آج دنیا بھر میں مقیم کشمیری یوم ہکجتی کشمیر ملی و قومی جوش و جذبے اور بھر پور طریقے سے منا کر یہ ثابت کر دیں گئے کہ تحریک آزادی کشمیر میں مظلوم کشمیری تنہا نہیں ہیں بلکہ پوری پاکستانی اور کشمیری قوم ان کی اس جدوجہد میں ان کے ساتھ ہے ۔ حکومت پا کستان نے ہمیشہ کشمیریوں کی سفارتی ،سماجی اور اخلاقی حمایت کی ہے اور اس پہ پوری کشمیر ی قوم ان کی شکر گذار ہے ۔وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف نے مسلہ کشمیر کو عالمی فورمز پہ بھر پور طریقے سے اجاگر کر رہے ہیں اور ہر سطح پہ کشمیریوں کی اخلاقی ،سفارتی اور سماجی حمایت کرنے پہ ان کا شکریہ ادا کر تے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں جاری ظلم وستم اور ریاستی دہشت گردی ختم کروانے کے لیے اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیموں کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا ۔ کشمیریوں نے 60سالوں میں لاکھوں قربانیاں دے کر آزادی کی تحریک کو زندہ رکھا ہوا ہے ۔ کیوں کہ وہ بھارتی جبری تسلط اور غاصبانہ قبضہ کو تسلیم نہیں کرتے ۔ بھارت کو ہر حال میں کشمیر سے جانا پڑے گا ۔ بھارت ریاستی دہشت گردی اور جبری تسلط کے ذریعہ کشمیر یوں کی آزادی کی تحریک کو دبا نہیں سکتا ۔۔ انھوں نے کہا کہ بھارت آئے دن لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر فائرنگ کرکے معصوم کشمیریوں کا قتل عام کررہا ہے ۔ بھارتی ہٹ دھرمی سے کشمیر یوں کے جذبہ حریت کو دبایا نہیں جاسکتا ہے ۔انھوں نے کہاکہ بھارتی غنڈہ گردی انسانی حقوق کے علمبردار تنظیموں کے منہ پر طمانچہ ہے ۔ بھارتی ریاستی دہشت گردی اور بربریت کی وجہ سے معصوم کشمیر یوں کی تین نسلیں تباہ ہوچکی ہیں ۔ کشمیر ی حریت رہنماؤں کو نظر بند کردیا گیا ۔ مگران تمام ظلم وستم کے باوجود بھارت کشمیریوں کے جذبہ آزادی کا ختم کرنے میں بالکل ناکام رہا اور بھارت کے اس تشدد اور بربریت کے باعث کشمیری جوانوں میں جذبہ آزادی کے لیے ایک نیا جنون پیدا ہوا جس نے تحریک آزادی کشمیر کو ایک نئی جلا بخشی ۔ انھوں نے کہا کہ مسلم ممالک سمیت تما م دنیا کی باشعور قومیں کو مسئلہ کشمیر پر کشمیر یوں کی حمایت کرنی چاہیے۔ وزیر جنگلات سردار میراکبر خان نے کہا کہبھارت ریاست دہشت گردی کا مرتکب ہورہا ہے اور آئے روز نہتے کشمیریوں پر ظلم وستم کے پہاڑ توڑ جارہے ہیں ۔ بے گناہ ،معصوم کشمیریوں کو پیلٹ گن کے ذریعہ نابینا کیا جارہا ہے ۔ اور کالے قانون کے ذریعہ معصوم اور مظلوم کشمیریوں کو گرفتار کیا جارہاہے ۔ اس سلسلہ میں عالمی حقوق کی تنظیموں کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا ۔طویل کرفیو کے نفاذ کے بعد خوراک کی قلت میں اضافہ ہوا ہے ۔ کشمیر کی بنیاد پر اقوام متحدہ کی قرردادوں میں ہیں ۔ ہم اقوام متحدہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اپنی قراردادوں پر عملدارآمد کروانے کے لیے بھارت پر زور دے اور مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کرے ۔اور کشمیریوں کو ان کا پیدائشی حق ،حق خوداردیت دلایا جائے۔ انھوں نے اقوام متحدہ اور ریڈکراس سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنا وفد کشمیر بھیج کر مظلو م کشمیریوں کی امداد کریں ۔ انھوں نے مزید کہا کہ بیس کیمپ کی حکومت اپنے مظلوم کشمیریوں بھائیوں کی آزادی تک ان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی رہے گی ۔انہوں نے ممتاز مذہبی و روحانی شخصیت پیر علاوالدین صدقی کے انتقال پر گہرئے دکھ و غم کا اظہار کیا۔

5فروری کو یوم یکجہتی کشمیر جوش و جذبے سے منایا جائے،امیر اعلیٰ مولانا محمد فاروق کشمیری کا بیان

مظفرآباد(ملت +آئی این پی)5فروری کو یوم یکجہتی کشمیر جوش و جذبے کے ساتھ منایا جائے، کشمیریوں کی عملی طور پر مدد اور سیاسی طور پر اظہار یکجہتی ہم سب کے ذمہ لازم ہے، حکومت پاکستان کشمیر کی آزادی اور کشمیر کے پاکستان کے ساتھ الحاق کے لئے عملی اقدامات اٹھائے۔ کشمیریوں کی آزمائش طویل تر ہوتی چلی جا رہی ہے۔ پاکستان وکالت کا حق ادا کرے ، 5فروری کو نکلنے والی تمام ریلییوں میں کشمیری مسلمان بالخصوص مہاجرین کشمیر بھرپور انداز میں شرکت کریں۔ ان خیالات کا اظہار انصار الامہ جموں وکشمیر کے امیر اعلیٰ مولانا محمد فاروق کشمیری نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ 5فروری کو علامتی طور پر مقبوضہ کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا جاتا ہے اور مختلف سیمینارز و ریلیوں کا انعقاد ہوتا ہے۔ تمام پاکستانی مسلمانوں کو بالعموم اور تمام کشمیریوں کو بالخصوص ایسے پروگرام ہا میں شرکت کرنی چاہئیے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے مسلمانون کے عزائم جوان ہیں ان کے حوصلے سرد نہیں ہوئے اور کشمیری اپنے خون کے آخری قطرہ تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بنیادی انسانی حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں۔ ہندوستانی فوج میں ممنوعہ اسلحہ ستعمال کر رہی ہے سو فیصد کشمیری ہندوستان سے آزادی چاہتے ہیں مگر ہندوستان نے کشمیر پر جابرانہ قبضہ کر رکھا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر حکومت کا فرض بنتا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر کے مجاہدین کو سامان اور ذرائع نقل و حمل فراہم کریں تاکہ مجاہدین اپنی مسلح جدوجہد میں تیزی لا سکیں کیونکہ کشمیر ’’اب یا کبھی نہیں‘‘ کے نقطہ پر پہنچ چکا ہے۔ آزادی کشمیریوں کا بنیادی حق ہے اور آزادکشمیر کے باسیوں کے ذمہ یہ فرض ہے کہ وہ کشمیر کی آزادی کے لئے خود عملی طور پر تحریک کشمیر میں شریک ہوں وگرنہ مودی سرکار کے عزائم اچھے نہیں ہیں۔ وہ آزادکشمیر پر اپنی غلیظ نگاہیں گاڑھے بیٹھا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان نے اپنی دفاعی بجٹ میں خطرناک حد تک اضافہ کیا ہے اس سے ہندوستان کے عزائم کھل کر سامنے آ گئے ہیں ہندوستان نے خطے میں بدامنی پیدا کر رکھی ہے۔ ایک طرف پاکستان کو غیر مستحکم کر رہا ہے اور دوسری طرف سری لنکا، بنگلہ دیش اور نیپال میں بھی مداخلت کر رہا ہے۔ ہندوستان خطے کا چوہدری بننا چاہتا ہے مگر وہ بہ جلد ٹوٹ جائے گا۔

مسلمانوں کی کامیابی اور نجات دین پر عمل کرنے میں ہے‘ علامہ قاضی عبدالحفیظ نقشبندی نے ہفتہ وار درس قرآن سے خطاب

مظفرآباد(آئی این پی)مسلمانوں کی کامیابی اور نجات دین پر عمل کرنے میں ہے، ملک عزیز میں قادیانیوں کی ریشہ دوانیاں بڑھتی چلی جا رہی ہیں اعلیٰ حکومتی عہدوں پر فائز قادیانی پاکستان کا اسلامی اور ملی تشخص تباہ کر رہے ہیں۔ امتناع قادیانیت آرڈیننس کو عملی طور پر نافذ کیا جائے قادیانی کافر اور دائرہ اسلام سے خارج ہیں اور مرزا قادیانی کا دعویٰ نبوت در حقیقت حضور علیہ السلام کی توہین ہے۔ چکوال میں عدالتی فیصلوں کے باوجود مسجد تاحال مسلمانوں کے حوالے نہیں کی گئی۔ حکومت قادیانیت نوازی ترک کرے اور اپنے آپ کو آخرت کے عذاب سے بچائے۔ ان خیالات کا اظہار علامہ قاضی عبدالحفیظ نقشبندی نے ہفتہ وار درس قرآن کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ فرقہ واریت اسلام میں حرام ہے اور جو لوگ فرقہ واریت کو ہوا دے رہے ہیں وہ در حقیقت اسلام اور ملک دشمن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ناموس رسالت، ناموس صحابہ و اہلبیت کے اوپر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ انتظامیہ ایسے افراد پر کڑی نظر رکھے جو کسی بھی انداز میں توہین رسالت یا توہین صحابہ و اہل بیت کے مرتکب ہو رہے ہوں کیونکہ ناموس رسالت اور ناموس صحابہ و اہل بیت کے معاملہ پر ہر مسلمان بہت زیادہ حساس ہے اور ناموس رسالت و ناموس صحابہ و اہل بیت کے لئے اپنی جان دے دینا بھی ہر مسلمان اپنی سعادت سمجھتا ہے۔

کوٹلی میں یوم یکجہتی کشمیر حسب روایت جوش و جذبہ سے منایا جائیگا‘ ہولاڑکے مقام پرانسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی جائیگی

کوٹلی(آئی این پی)آج 5فروری یوم یکجہتی کشمیرضلع کوٹلی میں حسب روائت جوش وخروش کے ساتھ منایاجائے گاہولاڑکے مقام پرانسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی جائیگی تحصیل ہیڈکوارٹرز،ضلعی ہیڈکوارٹرز،قصبوں اورتعلیمی اداروں میں بھی تقریبات کاانعقادکیاجائے گاجلسے جلوسوں اورمختلف تقریبات میں تاجر،طلبہ،وکلاء،صحافی،سرکاری ملازمین اورتمام مکاتب فکرسے تعلق رکھنے والے افرادشرکت کرینگے 5 فروری دن دس بجے ہولاڑکے مقام پرانسانی ہاتھوں کی زنجیربنائی جائیگی جبکہ پانچ فروری ہی کودن دس بجے ڈی سی آفس کے احاطہ سے جلوس نکالاجائے گااورآبشارچوک میں جلسہ عام منعقدہوگا جس سے تمام مکاتب فکرسے تعلق رکھنے والے نمائندگان خطاب کرینگے ڈپٹی کمشنر راجہ ارشدمحمودنے کہاکہ ضلع کی چھ تحصیلوں کے اندربھی جلسے جلوسوں کاانعقادکیاجائے گااورتعلیمی اداروں میں بھی تقریبات منعقدہونگی صبح9:58بجے ہولاڑاورکوٹلی میں سائرن بھی بجائے جائینگے2منٹ کی خاموشی اختیارکی جائیگی مقبوضہ کشمیرکے بھائیوں سے اظہاریکجہتی کے لیے ضلع بھرکے اندرجوش وجذبہ سے یوم یکجہتی کشمیرمنایاجائے گاپانچ فروری کوصبح کی نمازکے بعدمساجدمیں پاکستان کی سلامتی،خوشحالی اورمقبوضہ کشمیرکی آزادی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی جائینگی۔

وزیراعظم آزادکشمیرراجہ فاروق حیدرکادورہ برطانیہ انتہائی کامیاب رہا‘دورے کے دوررس نتائج برآمدہونگے
رکن جنرل کونسل پاکستان مسلم لیگ (ن) سردارمشہودمحمودکی بات چیت
کوٹلی(آئی این پی)رکن جنرل کونسل پاکستان مسلم لیگ (ن) سردارمشہودمحمودنے کہاہے وزیراعظم آزادکشمیرراجہ فاروق حیدرکادورہ برطانیہ انتہائی کامیاب رہااوراس دورے کے دوررس نتائج برآمدہونگے وزیراعظم آزادکشمیرراجہ فاروق حیدرنے دورہ برطانیہ کے دوران مسئلہ کشمیرکوبہترین انداز میں اجاگر کیا ۔ آزادکشمیرومقبوضہ کشمیرکے کشمیریوں کو وزیراعظم آزادکشمیرراجہ فاروق حیدرکی طرف سے مسئلہ کشمیرپرجانداراوردوٹوک موقف سے جہاں حوصلہ ملاہے وہیں دوسری طرف آزادی کے لیے مزیدشمعیں بھی روشن ہوئی ہیں انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ ن الیکشن کے دوران جووعدے کئے تھے ان وعدوں پرعمل درآمدہورہاہے ن لیگ کی حکومت نے بلاتخصیص آزادکشمیرکے اندرتعمیروترقی کے کام شروع کردیئے ہیں ن لیگ مخالف جماعتوں کون لیگ کی بڑھتی ہوئی مقبولیت اورتاریخ سازمیگاپراجیکٹس ہضم نہیں ہورہے اوروہ بلاوجہ شورشراباکررہے ہیں لیگی مخالفین کواس بات کااندازہ ہوگیاہے کہ ن لیگ جس تیزی سے ترقی کررہی ہے اورعوام میں مقبول ہورہی ہے مزیدپچاس سال ن لیگ ہی کے ہیں سردارمشہودمحمودنے کہاکہ ن لیگ کی حکومت نے عوام سے گڈگورننس،میرٹ اورانصاف کے جووعدے کیے تھے ان وعدوں پرعملدرآمدشروع ہوچکاہے اورانشاء اللہ تعالیٰ آئندہ چندہفتوں کے اندرآزادکشمیرکے اندرتاریخ سازمیگاپراجیکٹس شروع ہوجائینگے ن لیگ کی حکومت عوام سے کیاہوا ہروعدہ پوراکریگی لیگی کارکنان کوایڈجسٹ کیاجائے گاکارکنان اپنی صفوں میں اتفاق واتحادکوبرقراررکھیں انشاء اللہ تعالیٰ ن لیگ کی حکومت کارکنان کومایوس نہیں کریگی ۔

طلبہ جدید ٹیکنالوجی میں مہارت حاصل کریں،پروفیسر ڈاکٹر خواجہ فارو ق احمد

مظفرآباد (آئی این پی )مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے طلبہ ٹیکنالوجی میں مہارت حاصل کریں، جامعہ کشمیر میں شعبہ سافٹ ویئر انجینئرنگ کے طلبہ کی تعلیمی صلاحیتیں کسی لحاظ سے کم نہیں، ہمیں امید ہے کہ سافٹ ویئر انجینئرنگ کے طلبہ ریاست کی ترقی کے لیے اپنا کلیدی کردار ادا کریں گے،ان خیالات کا اظہار وائس چانسلر جامعہ کشمیر پروفیسر ڈاکٹر خواجہ فاروق احمد نے شعبہ سافٹ ویئر انجینئرنگ کے طلبہ کی تیسری سالانہ پروجیکٹ کی نمائش کے دوران طلبہ سے گفتگو کے دوران کیا،ترجمان جامعہ کشمیر کی جانب سے جاری ہونے والی ایک پریس ریلیز کے مطابق شعبہ سافٹ ویئر آمد پر چیئرپرسن ڈاکٹر ربیعہ ریاض نے وائس چانسلر اور دیگر شرکاء کو شعبہ سے متعلق بریفنگ دی، اس موقع پر ڈین فیکلٹی آف سائنسز پروفیسر ڈاکٹر محمد قیوم خان، ڈین فیکلٹی آف آرٹس پروفیسر ڈاکٹر عائشہ سہیل، رجسٹرار جامعہ پروفیسر ڈاکٹر صدیق احمد اعوان ، ڈائر یکٹر کوالٹی انہانسمنٹ سیل پروفیسر ڈاکٹر محمد رفیق احمد،چیئر پرسن شعبہ سافٹ ویئر انجینئرنگ ڈاکٹر ربیعہ ریاض ،شعبہ کے فیکلٹی ممبران انجینئر غلام ربانی ، انجینئر سعد مجاہد خان، انجینئر سید وقاص علی، انجینئر اویس احمد اور دیگر بھی موجود تھے، پروجیکٹ کی نمائش میں طلبہ کے 18گروپ نے مختلف اقسام کے سافٹ ویئر پیش کیے،جو دور حاضر کے تقاضوں کو مدنظر رکھ کر بنائے گے تھے، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خواجہ فاروق احمد نے طلبہ کے بنائے گے سافٹ ویئر کو ٹیکنالوجی کی مہارت پر اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ شعبہ سافٹ ویئر انجینئرنگ کے فیکلٹی ممبران اور چیئر پرسن مختلف اداروں اور کمپنیوں سے رابطہ کریں تاکہ طلبہ کی صلاحیتوں سے معاشرے کے سبھی افراد کو فائدہ پہنچ سکے۔

کشمیری بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی بھر پور انداز میں منائیں گئے،قاضی ظہور احمد

مظفرآباد (آئی این پی )مقبوضہ کشمیر میں قابض افواج کے ظلم وستم کا شکار اپنے بھائیوں کے ساتھ تحریک میں شانہ بشانہ کھڑے ہیں، بھارت کی جانب سے کشمیر پر اپنی جارحیت کے خلاف یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر آج جامعہ کشمیر میں تحریک آزادی کشمیر کے حوالے سے منعقدہ تقریبات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے،ترجمان جامعہ کشمیر قاضی ظہور احمد نے آزاد جموں و کشمیر یو نیورسٹی میں یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے منعقدہ تقریباے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خواجہ فارو ق احمد کی ہدایت پر یو م یکجہتی کے موقع پر منعقدہ سمینار اور دیگر تقریبات کے انعقاد کو حتمی شکل دے دی گئی ہے،مظلوم کشمیر ی عوام کی اپنے حق آزادی کی خاطر جدوجہد کو سلام پیش کرنے کے لیے آج پانچ فروری کے موقع پر منعقدہ سمینار اور دیگر تقریبات ادارہ مطالعہ کشمیر چہلہ کیمپس میں صبح نو بجے سے شروع ہوں گی، جن میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خواجہ فاروق،پرنسپل آفیسران، فیکلٹی ممبران ،اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن،آفیسر ویلفیئر ایسوسی ایشن اور ایڈمنسٹریٹو سٹاف ایسوسی ایشن کے ممبران اور طلبہ شریک ہوں گئے۔

5فروری یوم یکجہتی کشمیر پاک و کشمیر کے درمیان رشتوں کو مزید مضبوط کرتا ہے‘کشمیری عوام پاکستان کو اپنا محسن بھائی سمجھتی ہے

قطر (آئی این پی )کشمیر تحریک عدل کے کے سینئر رہنما فیض عالم کفایت نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ 5فروری یوم یکجہتی کشمیر پاک و کشمیر کے درمیان رشتوں کو مزید مضبوط کرتا ہے۔کشمیری عوام اسلامی جمہوریہ پاکستان کو اپنا محسن بھائی سمجھتی ہے۔مقبوضہ کشمیر کی عوام نے جبری قبضے کے خلاف جن بلند حوصلوں،پامردی اور ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا وہ قابل تعریف و تقلید ہے۔مقبوضہ کشمیرکے معصوم بچوں اور بچیوں کو بھولنا نہیں چاہئے جنہیں ریاستی سرکار نے موت کی نیند سلادیا۔بھارتی سرکار ہمارے مصمم ارادوں کو متزلزل نہیں کر سکتی ۔آزادی کے حصول کے لیے لاکھوں قربانیاں دیں ہیں اور منزل کے حصول تک دیتے رہیں گے۔انھوں نے کہا کہ ہم بھارتی ظلم و جبر کا شکار سینکڑوں متاثرین کو نہیں بھول سکتے ہیں جن کی بینائیاں چھین کر عمربھر کے لئے ناکارہ بنادیا۔ ریاستی عوام مزاحمتی قیادت کے ہم دوش و ہمقدم منزل کی جانب گامزن ہے اور استقلال اور استقامت کے مظاہرے سے ہی ہم اپنی منزل پاسکتے ہیں ۔ حق خود ارادیت کی اس جدوجہد میں ہم تنہا نہیں بلکہ دنیا بھر میں ہمارے حق میں آواز بلند کی جارہی ہے ۔انھوں نے پاکستان کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا ایک اہم فریق ہونے کے علاوہ وہ ہمارہ محسن ہے اور ان کی جانب سے اخلاقی اورسیاسی حمایت کے لئے ہم ان کے مشکور ہیں۔انھوں نے کہا ہے کہ ہمیں پیش کی گئی قربانیوں کی لاج رکھنی ہوگی اور ان شہیدوں کے مقدس خون کی رکھوالی کرتے ہوئے ان کے مشن کو آگے لے جانا ہوگا۔ جس قوم نے ننھے چشم و چراغ پیش کئے ہوں وہ قوم کبھی بھی آزادی سے دستبردار نہ ہو گی۔