خبرنامہ خیبر پختونخوا

، اشتہاریوں،سہولت کاروں اور منشیات فروشوں سمیت 47ملزمان گرفتار

کوہاٹ (ملت + آئی این پی) کوہاٹ پولیس نے سماج دشمن عناصر کے خلاف سہ روزہ مہم کے دوران اشتہاریوں، سہولت کاروں اور منشیات فروشوں سمیت 47ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔کاروائی میں اسلحہ اور منشیات کا بڑا ذخیرہ بھی برآمد کرکے قبضے میں لیا گیا۔ڈی پی او کوہاٹ جاوید اقبال کی طرف سے سنگین وارداتوں میں مطلوب اشتہاری مجرمان انکے سہولت کاروں،منشیات فروشوں اور ہوائی فائرنگ کا ارتکاب جرم کرنے والے عناصر کے علاوہ دیگر مجرمانہ سرگرمیوں کے خلاف جاری کردہ احکامات کی روشنی میں کوہاٹ کے مختلف تھانوں کی پولیس نے الگ الگ کاروائیوں کے دوران دو اشتہاریوں مکرم اور وار�آکن کو گرفتار کرلیا۔کاروائی میں پولیس نے اشتہاریوں کو پناہ دینے کے الزام میں ایک سہولت کار مراد خان کو بھی حراست میں لے لیا۔سہ روزہ کاروائیوں میں شہر کے مختلف علاقوں سے سات منشیات فروشوں اور ہوائی فائرنگ کے مرتکب چھ افراد کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔سماج دشمن عناصر کے خلاف اس کریک ڈاؤن میں پولیس نے شہر اور مضافات کے علاقوں سے مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث دیگر 38ملزمان کو حراست میں لیکر مختلف تھانوں میں پابند سلاسل کردیا ہے۔جرائم پیشہ افراد کے خلاف منعقدہ آپریشن میں پولیس نے گرفتار افراد کے قبضے سے مجموعی طور پر دو رائفل،اٹھارہ پستول تیس چارجرز،مختلف بور کے سینکڑوں کارتوس اور دس کلو گرام چرس برآمد کرکے انکے خلاف متعلقہ تھانوں میں مقدمات درج کرلئے گئے ہیں۔