خبرنامہ خیبر پختونخوا

آئندہ حکومت دوبارہ مسلم لیگ (ن) کی ہوگی ، سہیل خٹک

پشاور: (ملت آن لائن) پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا کے صوبائی نائب صدر سہیل خٹک، صوبائی ایڈیشنل جنرل سیکرٹری اختیار ولی، ضلع نوشہرہ کے صدر صاحبزادہ خان، جنرل سیکرٹری مشیت الرحمان، پیر ذوالفقار علی شاہ باچا،سید حیدر علی شاہ باچا، صوبائی اسمبلی کے سابق رکن بصیر خٹک اور فرحان خان نے کہا ہے کہ عوام نے ملک کی ترقی وخوشحالی دہشت گردی کے خاتمے اور ملک کو اندھیروں سے نکال کر روشنیوں کی طرف گامزن کرنے کے لئے ن لیگ کا ساتھ دینے کا تہیہ کر لیا ہے جو آئندہ الیکشن میں خیبر پختونخوا میں بھی کلین سویپ کرے گی اور عوامی خدمت کے جذبہ سے سرشار باصلاحیت سیاستدان انجینئر امیر مقام وزیراعلیٰ ہوں گے ،جس کے بعد خیبر پختونخوا کے وسائل دھرنوں کی بجائے عوام پر خرچ کرنے سے ترقی و خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہو گا اور صوبے کے لوگوں کو بنی گالہ تسلط سے نجات مل جائے گی۔ انہوں نے ضلع نوشہرہ کی جنرل کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پرویز خٹک صوبے کے لوگوں کو بے یارو مددگار چھوڑ کر عمران خان اور علی بابا و چالیس چوروں کے مفادات کا محافظ بن گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ پرویز خٹک کا سیاسی تماشا ختم ہو چکا ہے ،آئندہ الیکشن میں پی ٹی آئی کا صفایا ہو جائے گا جبکہ پرویز خٹک کا سیاسی جنازہ نکل جائے گا،کارکن ایک نئے جذبہ سے مسلم لیگ(ن)کی کامیابی کے لئے میدان میں نکل آئے ہیں اور2018کا سال مسلم لیگ(ن) اور سبز جھنڈے کا سال ہو گا۔