خبرنامہ خیبر پختونخوا

آرمی پبلک سکول کے شہداء ہمارے ہیرو ہیں: اسد قیصر

پشاور(ملت + آئی این پی) سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی اسدقیصر نے کہا ہے کہ آرمی پبلک سکول کے شہداء ہمارے ہیرو ہیں جن کی لازوال قربانی قیام امن کے لئے پیش خیمہ ثابت ہوں گی انہوں نے ان خیالات کا اظہار خیبرپختونخوا اسمبلی میں شہداء اے پی ایس کی یاد میں شمعیں روشن کرنے اور ختم القرآن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر صوبائی وزراء اور ممبران اسمبلی سمیت کثیر تعداد میں لوگ موجود تھے سپیکر نے کہا کہ آرمی پبلک سکول کے شہید بچوں نے لازوال قربانی دے کر ایک تاریخ رقم کی ہے اس سانحہ کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے انہوں نے کہا کہ معصوم طلباء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی بلکہ یہ قربانیاں ملک میں قیام امن کی راہ ہموار کرنے کے ساتھ ساتھ صوبہ میں تعلیم کی روشنی پھیلانے کا موجب بنیں گی انہوں نے کہا کہ آج کی یہ تقریب مذکورہ معصوم طلباء کی قربانیوں کو یاد کرنے اور ان کے والدین کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے منعقد کی گئی ہے سپیکر نے کہا کہ بڑوں سے بڑا دشمن بھی کبھی بچوں پر وار نہیں کرتا لیکن بزدل دشمنوں نے بچوں کا بہیمانہ قتل عام کرکے تاریخ میں ایک سیاہ ترین باب کا اضافہ کیا ہے جس کو مدتوں نہیں بھلایا جاسکتا ۔انہوں نے کہا کہ قوم ان قربانیوں سے سبق حاصل کرکے اپنی اصلاح کرے گی صوبہ میں تعلیم عام کرنے کے لئے پہلے سے زیادہ کاؤشیں کی جارہی ہیں صوبہ میں تعلیم عام کرنے کے ساتھ ساتھ قیام امن اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے پر توانیاں صرف کی جارہی ہیں سپیکر نے قیام امن کے لئے پاکستان آرمی سمیت دیگر سیکورٹی اداروں کے کردار کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ ملک بھر میں جلد ہی دیر پا امن کا قیام ممکن ہوجائے گا ۔