خبرنامہ خیبر پختونخوا

آرمی چیف کے کرپشن کے خاتمے سے متعلق بیان پرپورا ملک ان کے ساتھ کھڑا ہے:عمران خان

پشاور:(اے پی پی) چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے کرپشن کے خاتمے کے بیان کا خیر مقدم کرتے ہیں اور پورا پاکستان ان کے ساتھ کھڑا ہے۔ پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ حکومت کا کام کرپٹ لوگوں کو پکڑنا اور جیل میں ڈالنا ہوتا ہے، ان کو بلیک میلنگ کے لیے استعمال کرنا نہیں ، آپ شوکت خانم کے فنڈ کی تحقیقات کروائیں تو آپ اور آپ کے درباریوں کے سر شرم سے جھک جائیں گے کہ عمران خان نے خود اس اسپتال میں کتنے فنڈز دیئے۔ انہوں نے کہا کہ مجھ سمیت کوئی بھی کرپشن میں ملوث ہے تو اس کو پکڑنا حکومت کی ذمہ داری ہے اگر پیپلزپارٹی بھی کرپشن میں ملوث ہے تو ان کو پکڑنا بھی حکومت وقت کا کام ہے لیکن یہ تو ان کی فائلیں دبا کر اسے بلیک میلنگ کے لیے استعمال کررہے ہیں کہ آپ نے ہماری کرپشن کے خلاف بولا تو ہم بھی آپ کی فائلیں سامنے کردیں گے۔ عمران خا نے کہا کہ نوازشریف آمریت کی گود میں پلے بڑے ہیں اس لیے جمہوریت سے ناواقف ہیں، انہوں نے بیان دیا کہ دھرنے والی سیاست ملک میں نہیں چلی گی جب کہ جمہوریت میں پر امن احتجاج عوام کا حق ہوتا ہے، نوازشریف کی جمہوریت سے پرویز مشرف کی آمریت زیادہ بہتر تھی اس میں ماڈل ٹاؤن جیسے واقعات نہیں ہوئے اور ملک کی معاشی حالت بھی بہت بہتر تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ مے فیئر اپارٹمنٹ کے حوالے سے نوازشریف کے بچوں کے مختلف بیان ہیں، بیٹی کہتی ہیں کہ ہماری کوئی جائیداد باہر نہیں، دوسرا بیٹا کہتا ہے کہ ہم نے 2008 میں یہ جائیداد خریدی، میاں صاحب کی اہلیہ کلثوم نواز نے خود اعتراف کیا کہ ہم نے 2002 میں یہ اپارٹمنٹ خریدا اور ان کے وزرا کہتے ہیں کہ یہ اپارٹمںٹ ان کے پاس 20،20 سال سے ہیں۔ چیرمین تحریک انصاف نے نواشریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کمیشن بعد میں بنائیں پہلے عوام کو بنیادی سوالات کے جوابات دیں کہ مے فیئر اپارٹمںٹ کب خریدے، پیسہ باہر کیسے بھجوایا ، کیا ٹیکس بھی دیا گیا یا نہیں، کیا یہ پیسہ ڈیکلیئر کیا تھا اور کیا آمدنی اتنی تھی کہ آپ یہ اپارٹمنٹ خرید سکتے تھے، اور اگر آپ ان سوالات کے جواب نہیں دے سکے تو قوم یہ سمجھے گی کہ آپ نے کرپشن کی اور منی لانڈرنگ کے ذریعے پیسہ ملک سے باہر بھجوایا کر یہ اپارٹمنٹ خریدے۔ انہوں نے کہا کہ برطانوی وزیر اعظم کیمرون نے 6 سال کے ٹیکسز کی تفصیل دے دی تو آپ کیوں نہیں دے سکتے۔ عمران خان نے مردان دھماکے کی شدید مذمت کی اور خیبرپختونخوا پولیس کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہاں کی پولیس طالبان سے مقابلہ کررہی ہے لیکن پنجاب پولیس کو اتنا سیاسی کردیا گیا جو چھوٹو گینگ سے بھی مقابلہ نہیں کرسکے اور وہاں بھی فوج کو طلب کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ میاں صاحب نے لندن سے واپسی پر کہا کہ میں خواجہ آصف سے متفق ہوں کہ شوکت خانم میں فنڈز کا استعمال ٹھیک سے نہیں ہوا تو میں انہیں یہ کہنا چاہوں گا کہ آپ خود تو عوام کے پیسوں سے علاج کرانے ملک سے باہر چلے جاتے ہیں اور پاکستان میں عالمی سطح کے واحد اسپتال پر الزامات لگانا شروع کردیے، اگر یہ حقیقت بھی ہے تو آپ نے اب تک ایکشن کیوں نہیں لیا آپ پچھلے 8 سال سے پنجاب پر حکومت کررہے ہیں تو شوکت خانم بھی لاہور میں ہی ہے لیکن آپ اس کو صرف بلیک میلنگ کے لیے استعمال کررہے ہیں کہ جب آپ کے بچوں کا نام کرپشن میں آیا تو آپ نے لندن میں اپنی چوری چھپانے کے لیے میرے بچوں کی نانی کے گھر کے باہر بھی احتجاج کروایا۔