خبرنامہ خیبر پختونخوا

اسفندیارولی کی کوئٹہ خودکش بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت

پشاور: (آئی این پی ) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیار ولی خان نے سول ہسپتال کوئٹہ میں ہونے والے خودکش بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے بزدلانہ فعل قرار دیا ہے اور سانحے میں شہید ہونے والوں کیلئے دعائے مغفرت کی ہے،اپنے ایک مذمتی بیان میں اسفند یار ولی خان نے کہا کہ کوئٹہ میں معصوم بے گناہ انسا نوں کا خون بہانے والے دہشت گردوں کا مقصد ملک میں دہشت اور وحشت کی فضا پھیلانا ہے تاہم قوم ان ظالموں کے خلاف متحد ہے اور وہ کسی صورت انہیں اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہونے دیگی ، انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے پے در پے واقعات نے قوم کی زندگی اجیرن کر کے رکھ دی ہے اورعوام اب جنازے اٹھا تے تھک چکے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ دیرپا اور پائیدار امن کیلئے دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنا ہو گا۔ مرکزی صدر نے کہا کہ مخصوص ذہنیت کے خلاف سخت کاروائیوں کے بغیردہشت گردوں کی پیداواری فیکٹریوں کا خاتمہ ممکن نہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت نیشنل ایکشن پلان کے تمام 20نکات پر من و عن عمل کرنے میں ناکام رہی ورنہ آج ہمیں یہ دن دیکھنا نصیب نہ ہوتا، لہٰذا اب بھی اس پر عملدرآمد کر لیا جائے تو ملک بھر میں امن قائم ہو سکتا ہے ۔انہوں نے عظیم سانحے میں اے این پی بلوچستان کے صدر محمد اصغر خان اچکزئی کے بھائی عسکر خان اچکزئی سمیت تما م افراد کی شہادت پر رنج و غم کا اظہار کیا اور کہا کہ اے این پی کی قیادت اور کارکنوں نے پاکستان کو دہشت گردوں سے پاک کرنے کیلئے قربانیاں دیں اور تمام تر ہتھکنڈوں کے باوجود اے این پی نے عوام کو اکیلا نہ چھوڑا اور دہشت گردوں کی پناہ گاہوں کے خلاف کامیاب آپریشن کئے گئے،۔اسفند یار ولی خان نے اپنے بیان میں کہا کہ اے پی ایس پشاور کے واقعے کے بعد قوم دہشت گردی کے خاتمے کیلئے متحد ہوئی تھی تاہم اگر اتفاق پر قائم رہا جاتا تو کوئٹہ جیسے عظم سانحے سے بچا جا سکتا تھا۔