خبرنامہ خیبر پختونخوا

اسپیکر خیبر پختونخوا نے سی پیک میں نظرانداز کرنے پر وفاق کیخلاف درخواست دائر کردی

پشاور (ملت + آئی این پی) اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی اسد قیصر نے صوبائی حکومت کی طرف سے چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے میں صوبے کو اس کا حق نہ دینے پر وفاقی حکومت کے خلاف پشاور ہائی کورٹ میں رٹ دائر کردی۔ صوبائی وزیر شاہ فرمان کے ہمراہ اسپیکر خیبر پختونخوااسمبلی نے سی پیک سے صوبے کے حق کے لئے رٹ دائر کی۔اس موقع پر ان کا کہناتھاکہ سی پیک ایک قومی منصوبہ ہے،تاہم وفاقی حکومت خیبر پختونخوا کو اس کا جائز حق نہیں دے رہی۔ اسد قیصر نے کہا کہ اس حوالے سے صوبائی اسمبلی نے کئی قراردادیں بھی منظور کی ہیں لیکن وفاق نے ہمارے تحفظات دور نہیں کئے، تسلی بخش جواب نہ ملنے پر ہم نے معاملہ عدالت میں اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم غیر ملکی دوروں میں وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو ہر وقت ساتھ لے کر جاتے ہیں ،خیبر پختونخوا سمیت کسی صوبے کے وزیراعلیٰ کو ساتھ نہیں لے گئے جو امتیازی سلوک کا مظہر ہے۔