خبرنامہ خیبر پختونخوا

اقبال ظفرجھگڑا سے سپیکر آزاد کشمیر کی ملاقات

اقبال ظفرجھگڑا سے سپیکر آزاد کشمیر کی ملاقات
اسلام آباد: (ملت آن لائن)گورنر خیبرپختونخواہ اقبال ظفرجھگڑا سے سپیکر آزاد کشمیراسمبلی شاہ غلام قادر نے ملاقات کی۔ منگل کے روز ہونے والی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امورپرتبادلہ خیال کیا گیا‘اس موقع پر اقبال ظفر جھگڑا نے کہا کہ کشمیری قوم کی اخلاقی،سیاسی،سفارتی حمایت جاری رکھیں گے ،اہلیان پاکستان کے دل کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں خطاب کے دوران مسئلہ کشمیر پر اہلیان پاکستان و کشمیر کی بہترین ترجمانی کی اورقابض بھارتی فوج کی جانب سے کشمیریوں پرڈھائے جانے والے مظالم سے اقوام عالم کو آگاہ کیامسلم لیگ ن کے حالیہ دورمیں مسئلہ کشمیرعالمی سطح پر اجاگر ہوا ہے یہی وجہ ہے کہ آزادکشمیر کے باشعور عوام نے میاں محمدنوازشریف اور مقامی مسلم لیگ ن کی قیادت پر بھرپور اظہار اعتماد کرتے ہوئے آزادکشمیر کے حالیہ انتخابات میں مسلم لیگ ن کو بھاری مینڈیٹ دیا ۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر مسلم لیگ ن کے دور ہی میں حل ہو گا ،وہ دن دور نہیں جب راولپنڈی فیض آبادلاری اڈے سے سری نگر سری نگر کی صدائیں سماعتوں سے ٹکرائیں گی اور یہاں سے گاڑیاں سیدھی سری نگر جایاکریں گی۔ انہوں نے کہا جنوب مشرقی ایشیاء میں مستقل قیام امن مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر ممکن نہیں۔ عالمی برادری کو اس سلسلہ میں بھرپور کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ یہ مسئلہ دوایٹمی طاقتوں کے درمیان ہے ۔کشمیر کے لوگ گزشتہ سات د ہائیوں سے آزادی کیلئے جانوں کے نذرانے پیش کر رہے ہیں۔بانی پاکستان قائد اعظم ؒ نے کشمیر کیلئے اپنے تاریخی الفاظ میں کہا تھا کہ” کشمیرپاکستان کی شہ رگ ہے ” اہل پاکستان بانی پاکستان کے انہی الفاظ کو کشمیر بارے بنیادی اساس تصور کرتے ہیں یہی وجہ ہے کہ 20 کروڑ پاکستانیوں کے دل کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ وزیر اعظم پاکستان نے ہمیشہ ہی سے کشمیر پر اپنا اصولی اور ٹھوس موقف پیش کیا ہے ،ان کے حالیہ دورہ امریکا اور اقوام متحدہ م کی جنرل اسمبلی میں کشمیر بارے تاریخی تقریر سے آر پار کے کشمیریوں کے حوصلے مزید بلند ہوئے ہیں،گورنر خیبرپختونخواہ اقبال ظفرجھگڑا نے مزید کہا بھارت اور بھارتی افواج نے مقبوضہ کشمیر کے کشمیریوں پر ظلم و ستم کی انتہا کر رکھی ہے اور گزشتہ سات دہائیوں سے جاری جدوجہد آزادی سے طاقت سے دبانے کیلئے مسلمانان کشمیر کا قتل عام شروع کیا ہوا ہے طاقت کے بل بوتے پر کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو زیادہ دیر تک نہیں دبایا جا سکتا بھارت کی دہشت اور بربریت اور ڈھائے جانے والے مظالم کشمیریوں کے دلوں سے جذبہ آزادی کو کسی طور ختم نہیں کر سکتی ا بھارت کا سیکولر ازم ایک ڈھونگ ہے بھارت کے چہرے پر سے نقاب اتر چکا حق خود ارادیت کے حصول ،بھارتی وحشت اور بربریت کے خاتمے،مقبوضہ کشمیر کی آزادی کیلئے افواج پاکستان اور کشمیری مسلمانوں کے پشت بان ہیں خطہ آزاد کشمیر بھارت اور بھارتی افواج کا قبرستان ثابت ہو گا۔