پشاور۔(ملت آن لائن)صوبائی الیکشن کمشنر پیر مقبول احمد نےکہا ہے کہعام انتخابات میں ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنرز اور ریجنل الیکشن کمشنر کا کردار قابل ستائش رہا،اگرچہ عام انتخابات کا انعقاد ایک بہت بڑا چیلنج تھا تاہم تمام ضلعی افسران نے بہت ذمہ داری سے اس چیلنج کا مقابلہ کیا اور اپنے اہداف حاصل کیے۔ان خیالات کا اظہار صوبائی الیکشن کمشنر پیر مقبول احمد نے صوبائی الیکشن کمشنر آفس میں منعقدہ ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا. انھوں نے کہا کہ توقع ہے کہ الیکشن کمیشن کے تمام افسران و اہلکار اسی جانفشانی ، محنت اور لگن سے اپنے فرائض سر انجام دیتے رہیں گے.اجلاس میں ان ووٹرز کے معاملات کو زیر بحث لایا گیا جن کا ووٹ مستقل اور عارضی پتہ کے علاوہ کسی تیسرے ایڈریس پر درج ہے. اجلاس میں مذکورہ ایشو کے حوالے سے ضلعی افسران سے تجاویز لی گئیں اور معاملے کو منطقی انجام تک پہنچانے کی منصوبہ بندی کی گئی. الیکشن کمیشن آف پاکستان کے شعبہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ڈائریکٹر بابر ملک نے اس موقعے پر اجلاس کے شرکاء کو تفصیلی بریفنگ دی. اجلاس میں تمام اضلاع کے ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنرز، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل الیکشن کمیشن محمد رازق ، دیگر افسران اور نادرا کے نمائندے شریک ہوئے ، قبل ازیں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے
ہوئے صوبائی الیکشن کمشنر نے کہا کہ اجلاس کا مقصد الیکشن ایکٹ کے سیکشن 27 پر عمل در آمد کرانے کے لئے ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنرز کے ساتھ مشاورت کرنا ہے تاکہ کوئی بھی ووٹرووٹ کے حق سے محروم نہ رہے، انہوں نے کہا کہ موجودہ قوانین کے تحت ہر ووٹر صرف ایک ایڈریس پر جو شناختی کارڈ میں درج ہو پر اپنے ووٹ کا اندراج کرسکتا ہے تاہم بہت سے ایسے ووٹرز ہیں جن کے ووٹ شناختی کارڈز پر درج مستقل یا عارضی پتوں کے بجائے دیگر ایڈریسز پر درج ہیں، ایک سوال کے جواب میں صوبائی الیکشن کمشنر نے کہا کہ الیکشن کمیشن فاٹا میں بلدیاتی انتخابات کے لئے تیار ہے۔