خبرنامہ خیبر پختونخوا

امریکہ اورصوبائی حکومت؛ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے منصوبےپرمعاہدے پردستخط

پشاور: (ملت+اے پی پی)امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی (یوایس ایڈ)کے ڈپٹی مشن ڈائریکٹر کیون برائیوناویل اورخیبر پختونخوا کے سینئر وزیربرائے انفارمیشن ٹیکنالوجی وصحت شہرام خان ترکئی نے وفاق کے زیرانتظام قبائلی علاقوں (فاٹا)اورخیبر پختونخوا کے نوجوانوں کو انفارمیشن ٹیکنالوجی اورٹیلی مواصلات کی تربیت معاہدہ پردستخط کئے ۔ معاہدہ پردستخط پشاورمیں ایک تقریب کے دوران ہوئے۔ اس پروگرام کے تحت صوبہ بھر کے نواضلاع میں اعلیٰ تعلیم اورفنی تعلیم کے اداروں میں زیرتعلیم تین ہزار سے زائد نوجوان وخواتین طالب علموں کوتربیت اورسسکو سرٹیفیکیشن فراہم کی جائے گی۔ اس موقع پرخیبرپختونخوا کے سینئر وزیربرائے انفارمیشن ٹیکنالوجی وصحت شہرام خان نے کہاہے کہ صوبائی حکومت خیبرپختونخوا میں تعلیم کے فروغ اورنوجوانوں کی تربیت کے لئے امریکی حکومت کے ساتھ اشتراک کو انتہائی اہمیت دیتی ہے ۔انہوں نے کہاکہ تعلیم کے شعبے میں مشترکہ جدوجہد کے ذریعے ہم انفارمیشن اورٹیلی مواصلات کے ٹیکنالوجی کے معیار اوراس ٹیکنالوجی تک رسائی میں بہتری لاسکتے ہیں جو وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ یوایس ایڈ کے ڈپٹی مشن ڈائریکٹر کیون برائیونا ویل نے عصری مہارتوں کی تربیت کی فراہمی کے ذریعے پاکستانی نوجوانوں کو بااختیار بنانے کی اہمیت کو اجاگرکیا جن سے معاشی مواقع مہیاہوتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان بھر باالخصوص خیبرپختونخوا اورفاٹا کے تنازع سے متاثرہ علاقوں میں نوجوانوں کو ایسی متعلقہ مہارتوں کی حصول میں مشکلات درپیش ہیں جو انہیں روزگارکے لئے درگارہیں ۔انہوں نے کہاکہ جس منصوبے کاہم آج افتتاح کررہے ہیں وہ خیبرپختونخوا اورفاٹا کے نوجوانوں کوانفارمیشن ٹیکنالوجی اورٹیلی مواصلات کے شعبے میں مہارتوں سے ہمکنار کرے گااورانہیں روزگارکے مواقعوں کے ساتھ منسلک کرے گا۔یہ منصوبہ بالااخر طویل مدتی بنیاد پر معاشی نمو اورپاکستان کی ترقی کو کو جلاء بخشے گا۔پشاورمیں امریکی قونصل جنرل ریمنڈ میک گراتھ نے فنی مہارتوں کے حصول میں موجودہ دورکے نوجوانوں کو مدد کی فراہمی کے لئے اس منصوبے کے اجراء کو سراہتے ہوئے کہاکہ نوجوانوں کوکامیاب کیریئر اورسماجی قیادت کے لئے ان مہارت کی ضرورت ہے ۔امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی (یوایس ایڈ)کے فنڈز سے چلنے والا یہ اسکلز فاریوتھ پراجیکٹ پاکستان میں یوایس ایڈ کے گلوبل ڈویلپمنٹ الائنس (جی ڈی اے)کاپائلٹ پراجیکٹ ہے جس میں نجی شعبے کو وسائل میں شرکت کی بنیاد پر شریک کیاگیاہے اس منصوبے کے تحت سسکو سٹمز کے ساتھ 1:1کی شراکت کے ساتھ خیبرپختونخوا کے نواضلا ع میں چالیس اداروں میں سسکو نیٹ ورکنگ اکیڈمیاں قائم کی جائیں گی منصوبے کے تحت ان اداروں کے منتخب کردہ اساتذہ کو بھی تریبت فراہم کی جائیگی تاکہ وہ آئی ٹی کی مہارتوں میں طلباء وطالبات کو تربیت کی فراہمی کے لئے انسٹرکٹر ٹرینرز کے طورپرکام کرسکیں