خبرنامہ خیبر پختونخوا

امیرحیدرہوتی کےگھرکے قریب دھماکہ،ایک شخص زخمی

مردان(آئی این پی ) خیبر پختونخوا کے سابق وزیراعلیٰ اور عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے رہنما امیر حیدر خان ہوتی کے گھر کے قریب دھماکے کے نتیجے میں ایک شخص زخمی ہوگیا۔ ایس پی آپریشنز مردان سفی اللہ گنڈا پور کے مطابق سابق وزیراعلیٰ امیر حیدرخان ہوتی کے گھر کے قریب اکبر پھاٹک پر ٹریفک پولیس چوکی میں لگی چھتری میں رات میں کسی وقت بم نصب کیا گیا تھا۔ مذکورہ چھتری کو ٹریفک پولیس اہلکار دھوپ سے بچنے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔ دھماکے کے نتیجے میں ایک راہگیر زخمی ہوا، جسے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتال (ڈی ایچ کیو) مردان منتقل کردیا گیا۔ ایس پی آپریشنز کے مطابق واقعے میں 500 گرام دھماکا خیز مواد استعمال کیا گیا تھا۔ واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری بھی جائے وقوع پر پہنچی اور شواہد اکٹھے کرنے کے لیے علاقے کو سیل کردیا گیا۔ یاد رہے کہ امیر حیدر خان ہوتی کو فروری 2013 میں بھی مردان کے قریب خود کش حملے میں نشانہ بنایا گیا ہے تاہم وہ حملے میں محفوظ رہے تھے۔