خبرنامہ خیبر پختونخوا

اپریل کے وسط میں چین میں ہونیوالے روڈ شو کیلئے بھرپور تیاری کریں

پشاور (ملت + آئی این پی )وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے مواصلات و تعمیرات اکبر ایوب خان نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ سی پیک کے منصوبے کے تحت جاری سکیموں کو زیادہ سے زیادہ عوامی فلاح و بہبود کے حامل بنانے اور اپریل کے وسط میں چائنہ میں ہونے والے روڈ شو کے حوالے سے بھرپور تیاری کریں۔یہ ہدایت انہوں نے پیرکو سی پیک سے جڑے خیبر پختونخوا کے منصوبوں کی پلاننگ اور تعمیر کے حوالے سے پشاور میں منعقدہ اجلاس کے دوران دیں جس میں محکمہ مواصلات و تعمیرات سمیت دیگر محکموں کے متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اس موقع پر گزشتہ اجلاسوں کے دوران کئے گئے فیصلے پر عمل درآمد اور کام کی رفتار کا جائزہ لیا گیاوزیر اعلیٰ کے مشیر اکبر ایوب خان نے کہا کہ سی پیک ترقی اور خوشحالی کا ایک عظیم منصوبہ ہے اور اس منصوبہ سے منسلک صوبے کی سکیموں کی بروقت منصوبہ بندی وتکمیل کے لئے جامع حکمت عملی وضح کی جا رہی ہے تاکہ صوبے کی ترقی اور عوامی خوشحالی ممکن ہو سکے۔انہوں نے اجلاس کے دوران دی گئی تجاویز پر تفصیلی غور و خوض کرنے کی بھی ہدایت کی اور مستقبل قریب میں شروع کئے جانے والے منصوبوں سے متعلق پیش رفت سے آگہی بھی حاصل کی۔اجلاس کے شرکاء سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چائنہ میں ہونے والے روڈ شو کے لئے تمام منصوبوں کو جلد از جلد حتمی شکل دی جائے۔