خبرنامہ خیبر پختونخوا

ایبٹ آباد: سنوکر کلب میں فائرنگ نوجوان جاں بحق

ایبٹ آباد۔:(اے پی پی) ایبٹ آباد،سنوکر کلب میں کھیلتے ہوئے نوجوانوں میں تصادم ہوا،دوران فائرنگ ایک نوجوان جاں بحق ہو گیا، پلازہ کا چوکیدار بھی شدید زخمی ہوا ہے، سنوکر کلب کے مالک سمیت 3ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔ پولیس کے مطابق جدون پلازہ میں سنوکر کھیلتے ہوئے رضوان، ارسلان اور سنوکر کلب کے مالک ایاز کا 17 سالہ نوجوان ارمان سے جھگڑا ہوا، رضوان، ارسلان اور ایاز نے پلازہ کے چوکیدار شہباز سے پستول چھین کر ارمان پر فائرنگ کر دی جس سے وہ موقع پر جاں بحق ہو گیا جبکہ چوکیدار شہباز شدید زخمی ہوگیا جبکہ ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ پولیس نے پلازہ کے چوکیدارکو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا ہے۔ مقتول کے لواحقین کی رپورٹ پر تھانہ میرپور میں نامزد ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپوں کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔