خبرنامہ خیبر پختونخوا

ایرانی قونصلر جنرل محمد بی بیگ کی سینئرصوبائی وزیرعنایت اللہ سے ملاقات:باہمی تبادلہ خیال

پشاور:( اے پی پی )سینئر صوبائی وزیربرائے بلدیات ودیہی ترقی عنایت اللہ سے جمعرات کے روز ایرانی قونصلر جنرل محمد بی بیگ نے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ وہ صوبائی وزیر کے ساتھ کچھ دیر تک رہے اورانہوں نے باہمی دلچسپی کے اموراوردوطرفہ تعلقات کے علاوہ صنعت وتجارت ،بلدیات ،توانائی ،زراعت اور معدنیات کے شعبوں میں تعاون کے فروغ اور دونوں ممالک کے قریبی روابط مزید بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا ۔سینئر وزیر بلدیات عنایت اللہ نے ایرانی قونصلر جنرل سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اورایران کے درمیان باہمی برادرانہ تعلقات موجود ہیں اوردونوں ممالک مذہبی ،ثقافتی اور جعرافیائی لحاظ سے ایک دوسرے کے قریب ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا میں قدرتی وسائل وافر مقدار میں موجودہیں اورامن وامان کی صورتحال میں بھی بہتری آرہی ہے اوراس تناظر میں دونوں مسلم ممالک مذکورہ شعبوں میں ایک دوسر ے کے ساتھ تعاون کی فضاء کو مزیدآگے بڑھا سکتے ہیں ۔محمد۔بی بیگ نے پشاور سسٹر سٹی اورہائیڈل پاورمیں دلچسپی ظاہر کرتے ہوئے ان شعبوں میں کام کرنے کی یقین دہانی کرائی تاکہ دونوں برادرممالک کے عوام کو مزید قریب لانے کے ساتھ ساتھ ا نہیں بہتر مواقع فراہم کی جاسکیں ۔ ایرانی قونصل جنرل نے صوبائی وزیر بلدیات کو ایران کادورہ کرنے کی بھی دعوت دی جوانہوں نے قبول کرلی ۔