خبرنامہ خیبر پختونخوا

ایوب ٹیچنگ ہسپتال،غیر قانونی بھرتیوں پر چیئرمین بورڈ آف گورنرز سمیت 3 ممبرزبرطرف

ایوب ٹیچنگ ہسپتال ،غیر قانونی بھرتیوں پر چیئرمین بورڈ آف گورنرز سمیت 3 ممبرزبرطرف
ایبٹ آباد (اے پی پی،ملت آن لائن) صوبائی حکومت نے ایوب ٹیچنگ ہسپتال ایبٹ آباد میں غیر قانونی بھرتیوں پر بورڈ آف گورنرز کے چیئرمین سمیت تین ممبران کو عہدوں سے برطرف کر کے نیا بورڈ آف گورنر تشکیل دیدیا ہے۔ ایوب ٹیچنگ ہسپتال کے بورڈ آف گورنرز کے چیئرمین سمیت تین ممبران کی جانب سے ہسپتال میں غیرقانونی بھرتیوں کے خلا ف ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نے صوبائی حکومت کے خلاف احتجاج کی دھمکی دی تھی۔ ذرائع کے مطابق ایوب ٹیچنگ ہسپتال میں غیر قانونی بھرتیوں کے خلاف ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کی جانب سے ہڑتال کی دھمکی کے بعد ہسپتال کے معاملات متاثر ہونے اور آئندہ الیکشن میں تحریک انصاف کی ساکھ متاثر ہونے کے خوف سے صوبائی حکومت نے چیئرمین جاوید پنی، ممبران کرنل (ر) صلاح الدین اور بریگیڈیئر (ر) خالد حسین تارڑ کو ان کے عہدوں سے فوری طور پر برطرف کرتے ہوئے عامر محمود، جنید قریشی اور احمد سراج بورڈ آف گورنرز کے نئے ممبران مقرر کئے ہیں۔ واضح رہے کہ ایوب ٹیچنگ ہسپتال انتظامیہ کی ملی بھگت سے افغانستان سے ڈگریاں حاصل کر کے پی ایم ڈی سی کے ذمہ داروں کو بھاری نذرانوں کے عوض ڈاکٹروں کو پی ایم ڈی سی میں رجسٹرڈ کیا گیا۔ ذرائع نے یہ بھی انکشاف کیا ہے کہ ہسپتال میں کلاس فور سے لیکر دیگر آسامیوں پر بھی غیرقانونی بھرتیاں کی گئی ہیں۔