خبرنامہ خیبر پختونخوا

ایک بارپھرجمہوریت کے خلاف صف بندی ہورہی ہے: اچکزئی

اسلام آباد :(اے پی پی)پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ اور رکن قومی اسمبلی محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ ایک بار پھر جمہوریت کے خلاف صف بندی ہو رہی ہے ، وزیر اعظم نواز شریف عید کے بعد پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلائیں ۔جمعہ کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ 20کروڑ عوام کی نمائندہ ہے ۔انہوں نے کہاکہ ماضی میں کینیڈین شہری نے پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے دھرنا دیا اور اس دوران سیکیورٹی اہلکاروں کوتشدد کا نشانہ بنایا گیا ، حکومت نے جس طرح الطاف حسین کے خلاف برطانیہ کو خط لکھا اسی طرح طاہر القادری کے خلاف کینیڈین حکومت کو خط لکھا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ طاہر القادری پارلیمنٹ اور جمہوریت کے خلاف صف بندی کر رہا ہے ، یہ جھگڑاحکومت تنہا ختم نہیں کرسکتی اور نہ ہی ایک ادارہ ختم کرسکتا ہے لہذا اپوزیشن جماعتوں اور عوام کو فرنٹ لائن پر آکر مشترکہ حل نکالنا ہوگا ۔انہوں نے وزیر اعظم نواز شریف سے عید کے فوراً بعد پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس طلب کرنے کا مطالبہ کیا اورکہا کہ ملک میں بڑھتی ہوئی دہشتگردی اور دھرنوں سمیت تمام مسائل کا حل نکالنے کیلئے یہ اقدام ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک بار پھر جمہوریت کے خلاف صف بندی ہو رہی ہے ۔ قادری نے پہلے دھرنا دیا اور اب دو بارہ دینے آ رہا ہے یہ پارلیمنٹ پر حملہ ہے مگر اس کو کوئی جرم نہیں مان رہا جو افسوسناک ہے ۔انہوں نے پشاور اور مردان میں حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے ۔