خبرنامہ خیبر پختونخوا

اے آئی جی اشرف نور شہیدکو سپر د خاک کر دیا گیا

اے آئی جی اشرف نور شہیدکو سپر د خاک کر دیا گیا
استور۔:(ملت آن لائن)پشاور خود کش حملے میں جاں بحق ہونے والے سکردو کے عظیم سپوت اے آئی جی محمد اشرف نور شہید کو ہزاروں سوگواروں کی موجودگی میں آہوں سسکیوں کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا، ان کی تدفین کے موقع پر رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے‘اشرف نور شہید کے جسد خاکی کو سی ون تھرٹی طیارے کے ذریعے خیبر پختونخواہ سے سکردو لایا گیاتھا۔سکردو سے اے پی پی کے نمائندے کے مطابق سکردو میں’ایڈیشنل آئی جی خیبر پختون خوا محمد اشرف نور کی نماز جنازہ کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے فورس کمانڈر میجر جنرل ثاقب محمود نے کہا دہشت گردبزدلانہ کارروائیوں کے ذریعے ملک کو غیر مستحکم کرنا چاہتے ہیں ان کے مقابلے کیلئے ہمیں ایک ہونا ہوگا ۔ انھوں نے کہا کہ شہداء کے خون ضرور رنگ لائیں گے’ اے آئی جی محمد اشرف نور بڑے بہادر آفیسر تھے ان کی خدمات کبھی فراموش نہیں کی جا سکتیں’ انھوں نے کہا کہ ہم نے بہت سے شہداء دفنائے ہیں اس کے باوجود ہمارے حوصلے بلند ہیں، اس موقع پرصوبائی وزیر تعلیم حاجی محمد ابراہیم ثنائی کا کہناتھا کہ محمد اشرف نور ایک نڈر اور جانباز آفیسر تھے’یقیناان کی شہادت سے اہل گلگت بلتستان ایک بے لو ث آفیسر سے محرو م ہو گئے ہیں ‘ان کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ترجمان گلگت بلتستان حکومت فیض اللہ فراق نے بھی اس واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا اے آئی جی اشرف نور کی قربانی دہشت گردوں کی شکست ہے۔ دریں اثناء گلگت بلتستان میں تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شہید کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کی لازوال قربانی کو سراہا ہے۔