خبرنامہ خیبر پختونخوا

بنی گالہ تعمیرات کیس، سابق سیکرٹری یو سی بارہ کہو نے این او سی جعلی قرار دیدیا

بنی گالہ تعمیرات

بنی گالہ تعمیرات کیس، سابق سیکرٹری یو سی بارہ کہو نے این او سی جعلی قرار دیدیا

اسلام آباد: (ملت آن لائن) سابق سیکرٹری یو سی بارہ کہو محمد عمر نے سپریم کورٹ کے روبرو کہا ہے کہ یونین کونسل نے بنی گالہ میں عمران خان کے گھر کی تعمیر کیلئے کوئی این او سی جاری نہیں کیا تھا۔
سپریم کورٹ میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی رہائشگاہ بنی گالہ کی تعمیرات کیس میں اہم انکشافات سامنے آئے ہیں۔ سابق سیکرٹری یو سی بارہ کہو محمد عمر نے بیان دیا ہے کہ میں 2003ء یو سی بارہ کہو میں سیکرٹری تعینات تھا، میں عمران خان کے گھر کی تعمیر کیلئے کوئی این او سی جاری نہیں کیا تھا اور نہ ہی اس وقت میرے دفتر میں کمپیوٹر کی کوئی سہولت موجود تھی۔ سابق سیکرٹری کا کہنا تھا کہ عمران خان سے درخواست پر مزید کارروائی کیلئے بنی گالہ کا نقشہ طلب کیا گیا تھا، تاہم نقشہ فراہم نہیں کیا گیا جس کے بعد مزید کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی تھی۔ دوسری جانب ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے بنی گالہ رہائشگاہ کی تعمیر کی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرا دی۔ رپورٹ کے مطابق 300 کنال اراضی 2002ء میں جمائما کے نام پر خریدیں گئی تھی، تاہم زمین خریدتے وقت وزارتِ داخلہ سے کوئی این او سی نہیں لیا گیا تھا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جمائما خان کا شناختی کارڈ محکمہ مال میں پیش نہیں کیا گیا، اس کے علاوہ 4 انتقالات کیلئے جمائما خود پیش ہوئیں اور نہ ہی کوئی نمائندہ آیا۔ صرف ایک انتقال کے وقت میجر ریٹائرڈ ملک پرویز پیش ہوئے۔ رپورٹ کے مطابق 2005ء میں یہ زمین عمران خان کو پاور آف اٹارنی کے ذریعے تحفہ کی گئی تھی۔