خبرنامہ خیبر پختونخوا

بونیر میں کیمپس کی بجائے مکمل یونیورسٹی کے قیام کی باضابطہ منظوری

پشاور (ملت + آئی این پی )حکومت خیبر پختونخوا نے ضلع بونیر میں کیمپس کی بجائے مکمل یونیورسٹی کے قیام کی باضابطہ منظوری دی ہے علاوہ ازیں بونیر میں شل بانڈئی کے مقام پر گرلز ڈگری کالج کے قیام کی بھی منظوری دے دی گئی ہے جس کی تعمیر پرکروڑوں روپے کی لاگت آئے گی۔اس امر کا انکشاف صوبائی وزیر اوقاف ،زکواۃ و مذہبی امور حاجی حبیب الرحمن نے ضلع بونیر کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔صوبائی وزیر نے کہا کہ صوبے میں تعلیم کا فروغ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے لہذا ضرورت اس امر کی ہے کہ نئی نسل خود کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کیلئے حکومت کی طرف سے دی گئی تعلیمی سہولیات سے بھرپور استفادہ کرے ۔انہوں نے کہا کہ تعلیم کے بغیر کوئی بھی معاشرہ حقیقی تبدیلی سے ہمکنار نہیں ہو سکتااور یہی وجہ ہے کہ حکومت تعلیم کے فروغ پر خصوصی توجہ دے رہی ہے ۔انہوں نے یونیورسٹی اور ڈگری کالج کی منظوری پر وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ تعلیمی اداروں خصوصاً یونیورسٹی کا قیام اُن کا اور اہلیان بونیر کا ایک دیرینہ خواب تھا جو پورا ہو گیا ہے اور مذکورہ یونیورسٹی اور کالج کے تعمیراتی کام کیلئے عنقریب ٹینڈر طلب کئے جائیں گے اور انشاء اﷲ عملی کام کا آغا بہت جلد ہو جائے گا۔