خبرنامہ خیبر پختونخوا

بونیر: پی ٹی آئی کے ایم پی اے سردار سورن سنگھ کی آخری رسومات ادا

بونیر:(آئی این پی ) بونیر میں گزشتہ روز قتل ہونے والے وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی سردارسورن سنگھ کی آخری رسومات ادا کر دی گئیں ۔ سردار سورن سنگھ کے قتل میں مبینہ طورپر ملوث چار افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے ۔ وزیراعلیٰ کے ایم پی اے سردارن سورن سنگھ کی آخری رسومات بونیر میں ان کے آبائی علاقے میں ادا کی گئیں ۔ اس موقع پر سکھ برادری سمیت مختلف مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد بڑی تعداد میں موجود تھے ۔ وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے بھی سردارن سورن سنگھ کی آخری رسومات میں شرکت کی ۔ وزیراعلیٰ کے آنجہانی مشیر کو گزشتہ روز بونیر میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا ۔ بونیر پولیس نے قتل میں مبینہ طور پر ملوث چار افراد کو گرفتار کر لیا ہے جن میں سے تین کا تعلق بونیر اور ایک کا تعلق صوابی سے ہے ۔ دوسری جانب سردارسورن سنگھ کے قتل کی ایف آئی آر قانونی پیچیدگیوں کی وجہ سے تاحال درج نہیں کی جا سکی ہے ۔ ذرائع کے مطابق قانونی پیچیدگیاں دور کرنے اور شواہد اکھٹے کرنے کے بعد ایف آئی آر کا اندراج کیا جائے گا ۔