خبرنامہ خیبر پختونخوا

تبدیلی کےنام پربننےوالی صوبائی حکومت ناکام ہو چکی، صدام حسین

پشاور: (اے پی پی) یونین کونسل سری بہلول اربی بانڈہ کے جنرل کونسلر صدام حسین نے کہاہے کہ تبدیلی کے نام پر بننے والی صوبائی حکومت عوام کے مسائل حل کرنے میں ناکام ہو چکی ہے ،پاکستان تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی حلقہ پی کے 26افتخار مشوانی اپنے وعدوں کو عملی جامہ پہنائیں۔ منگل جاری ہونے و الے بیان میں انہوں نے کہا کہ ممبر صوبائی اسمبلی افتخار علی مشوانی نے الیکشن سے قبل یونین کونسل سری بہلول کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کا وعدہ کیا تھا تاہم الیکشن جیتنے کے بعد وہ اپنے وعدوں سے مکر گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ویلج کونسل اربی بانڈہ گورنمنٹ پرائمری سکول نمبر۱ عمر خان کلے میں صرف دو کمرے ہیں اور طلباء کی تعداد دو سو ہے۔ سکول میں مزید کمروں کی تعمیر اور بجلی کی ترسیل کے لئے کئی بار منتخب ایم پی اے افتخار مشوانی کو آگاہ کیا گیا لیکن کوئی شنوائی نہ ہو سکی۔ جبکہ طلباء بجلی نہ ہونے کے سبب پینے کے صاف پانی سے محروم ہیں۔ صوبائی حکومت فور ی طور پر جی پی ایس عمر خان کلے میں مزید کمروں کی تعمیر اور بجلی کی ترسیل کو ممکن بنائیں۔