خبرنامہ خیبر پختونخوا

تحریک انصاف نے اشیائے خوردونوش میں ہونے والی ملاوٹ کے خلاف تحریک التوائے کار پنجاب اسمبلی میں جمع کرادی

لاہور (ملت + آئی این پی) تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر مراد راس نے اشیائے خوردونوش میں ہونے والی ملاوٹ کے خلاف تحریک التوائے کار پنجاب اسمبلی میں جمع کرادی۔ڈاکٹر مراد راس کی جانب سے جمع کرائی جانے والی تحریک التوائے کار میں بیان کیا گیا ہے کہ صوبائی دارالحکومت سمیت پنجاب بھر میں ملاوٹ شدہ اشیائے خوردونوش کی کھلے عام فروخت جاری ہے جس کے باعث شہری پیچیدہ اور مہلک امراض کا شکار ہو رہے ہیں حکومتی اداروں اور اہلکاروں نے چپ سادھ رکھی ہے، پنجاب فوڈ اتھارٹی اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مناسب حکمت عملی نہ ہونے کے باعث ملاوٹ مافیا اور منافع خور مافیا کھل کر کھیل رہے ہیں پنجاب بھر میں انڈسٹریل کلرز، زہریلے کیمیکلز، حرام جانوروں کی چربی، سیوریج ملا پانی سمیت دیگر اشیا ملا کر غیر معیاری گھی، کوکنگ آئل، مضر صحت دودھ، برانڈڈ مشروبات کی جعلی بوتلیں، مصالحہ جات، چائے کی پتی، کیچپ اور خشک دودھ تیار کیا جا رہا ہے جس کے استعمال سے شہری ہیپاٹائٹس، گردوں کی بیماریوں، معدہ اور انتڑیوں کے کینسر، دل، دماغ اور آنکھوں سمیت دیگر امراض کا شکار ہو رہے ہیں متعلقہ ادارے صرف نوٹسز اورجرمانوں کی حد تک ہی محدود ہیں۔