خبرنامہ خیبر پختونخوا

تحریک انصاف کی سیاست کا بنیادی اور واحد مقصد عوام کی خدمت کرنا ہے: اسد قیصر

پشاور(ملت + آئی این پی)سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی سیاست کا بنیادی اور واحد مقصد عوام کی خدمت کرنا ہے،ہمیں عوام نے خدمت کے لئے منتخب کیا ہے،ہم نے مفادات کی سیاست کو ہمیشہ کے لئے دفن کر دیاہے اور بلاامتیاز صوبے کے عوام کی تقدیر بدلنے کے لئے کوشاں ہیں۔ آئندہ آنے والی نسلوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کئے بغیر ترقی حاصل کرنا ممکن نہیں،گلی محلے بنانا بھی ضروری ہے لیکن سب سے زیادہ اہم تعلیم کی ترقی ہے جس سے ہمارے بچوں کا مستقبل وابستہ ہے۔ موجودہ حکومت صوبے میں علم کی روشنی پھیلانے کے لئے انقلابی اقدامات کر رہی ہے اور بالخصوص بچیوں کی تعلیم پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔تعلیمی بجٹ کا 78 فیصد تعلیم نسواں پر خرچ کیا جا رہا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ گرلزہائی سکول کڈی صوابی کی اپ گریڈیشن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیااس موقع پر اسٹنٹ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن رضا باچا ،پرنسپل گورنمنٹ ہائی سکول صوابی ضیادمحمد ،محکمہ تعلیم اور محکمہ مواصلات کے متعلقہ حکام کے علاوہ اہل علاقہ بھی کثیر تعداد میں موجودتھے۔ اپنے خطاب میں سپیکر نے کہا کہ صوابی کو ترقی کے لحاظ سے ہمیشہ پیچھے رکھا گیا۔جب منتخب ہوئے سب سے بڑا مسئلہ بجلی کا درپیش تھا،کوشش تھی کہ بجلی کے مسئلے پر پہلے قابو پایا جائے،40 کروڑ روپے بجلی کی تنصیبات کے لئے دئیے،صوابی میں نئے فیڈرز لگائے،کم وولٹیج کا مسئلہ حل کر دیا،پہلے مردان سے صوابی کو بجلی مل رہی تھی اب براہ راست تربیلہ سے لائن دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ PK۔35 کی بیشتر یونین کونسلوں کو علیحدہ فیڈرز سے بجلی فراہم کردی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ دوسرا بڑا مسئلہ سڑکوں کا تھا، ماضی میں مواصلاتی نظام پر کوئی توجہ نہیں دی گئی،صوابی میں مواصلاتی نظام کو بہتر بنایا جا رہا ہے، کھنڈہ تا ٹوپی روڈ کی از سرنو تعمیر اور کشادگی پر تیزی سے کام جاری ہے جسے30 اکتوبر تک مکمل کر دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں معیار پر کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی،عوام بھی ترقیاتی سکیموں کی نگرانی کریں اور کسی بھی بے قاعدگی کو حکام کے نوٹس میں لائیں ،بدعنوان عناصر کو کڑی سزا دی جائے گی۔اسد قیصر نے کہا کہ صوابی میں وومن یونیورسٹی قائم کی جا رہی ہے۔صوابی کے تمام ہائی سکولوں کوہائیرسکینڈری کا درجہ دے دیا ہے۔سپیکر نے کہا کہ 1 ارب کی لاگت سے تعمیر ہونے والا گجو خان میڈیکل کالج تکمیل کے مراحل میں ہے،پرنسپل اور سٹاف کی تعیناتی کر دی گئی ہے اور امسال اس میں تعلیمی سرگرمیوں کا آغاز بھی کر دیا جائے گاجبکہ باچا خا میڈیکل کمپلیکس کو اپ گریڈ کرکے کٹیگری (اے ) ہسپتال کا درجہ دے دیا ہے۔کوٹھا،زروبی اور جھنڈہ میں آر ایچ سیز کا قیام بھی عمل میں لا یا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ نبی کلے کے عوام نے حکومت کو ایک ہزار کنال زمین فراہم کی ہے،جس پر ان کے لئے پاکستان ائیر فورس کی مدد سے پی ایف ڈگری کالج،پی ایف کیڈٹ کالج،200 بستروں کا جدید ہسپتال اور بچیوں کے لئے ٹیکنیکل سنٹر کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ ائیر یونیورسٹی اور ٹیکنیکل یونیورسٹی کا قیام بھی زیر غور ہے۔کرنل شیرخان انٹرچینج کے ساتھ جدید انڈسٹریل اسٹیٹ قائم کر رہے ہیں جس سے صوابی کے عوام کومقامی سطح پر روزگار کے بھرپور مواقع میسرآئیں گے۔قبل ازیں سپیکرنے ازسر نو تعمیرکئے جانے والے گرلز پرائمری سکول کڈی ،واٹر سپلائی سکیم اور محلہ بلڑ خیل کی پختگی کا افتتاح بھی کیا اس موقع پر کڈی کے عو ام اور عمائدین علاقہ نے سپیکر اسد قیصر کا گرلز ہائی سکول کو اپ گریڈ اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں ذاتی دلچسپی لینے پر بھر پور شکریہ ادا کیا اور اپنے بھر پور تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔