خبرنامہ خیبر پختونخوا

تعمیروترقی کیلئےعملی اقدامات کئےجارہے ہیں؛ حفیظ الرحمن

تعمیر وترقی کیلئےعملی اقدامات کئےجارہے ہیں؛ حفیظ الرحمن
گلگت:(ملت آن لائن) وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی اور خوشحالی کو عملی جامعہ پہنانے کیلئے علاقے کے وسیع تر مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے اقدامات کررہے ہیں۔ وفاق سے تقریباً 100ارب کی رقم گلگت بلتستان کو دی جارہی ہے جبکہ بلاواسطہ اور بلواسطہ ٹیکسز کا کل حجم 5 ارب کے قریب ہے۔ ایڈاپٹیشن ایکٹ کا مکمل خاتمہ علاقے کے وسیع تر مفاد میں نہیں کسی بھی معاشرے میں کرپشن پر قابو پانے کیلئے ڈاکومنٹیشن لازمی ہے۔ ان خیالات کا اظہار وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے ڈی جی ایس سی او میجر جنرل عامر عظیم باجوہ سے وزیر اعلیٰ سیکریٹریٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے اس موقع پر کہاکہ گلگت بلتستان کے طالب علموں کو ٹیکنیکل ایجوکیشن کی ضرورت ہے جس کو مدنظر رکھتے ہوئے صوبائی حکومت نے ٹیکنیکل صلاحیتوں کو بڑھانے کیلئے ٹیکنیکل بورڈ قائم کیا ہے ،جو علاقے کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے سلیبس تیار کررہاہے جس کیلئے نیوٹیک سے بھی مدد لی جارہی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ گلگت بلتستان میں ٹیکنیکل ٹریننگ انسٹیٹیوٹ کے قیام کیلئے صوبائی حکومت ایس سی او کوبھرپور تعاون فراہم کرے گی تاکہ یہاں کے نوجوانوں کو جدید ٹیکنیکل تعلیم کا حصول دہلیز پر ممکن ہو۔ صوبائی حکومت نے علاقے کی خوشحالی اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے صوبے کا اپنا انڈسٹریل زون بنانے کا فیصلہ کیا ہے جس پر کام جاری ہے،جس پر آئندہ سال تک عملی طور پر اس منصوبے کا آغاز کیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ انکم ٹیکس ایڈاپٹیشن ایکٹ 2012ء کے مطابق ہی ممبران اسمبلی اپنے اثاثے ڈکلیئر کررہے ہیں جبکہ اس سے قبل اثاثے ڈکلیئر نہیں کئے جاتے تھے۔ ٹیلی کام کمپنیاں عوام سے ٹیکس وصول کررہی ہیں جس کی صوبے کو منتقلی اور عوام کے فلاح و بہبود پر خرچ کرنا اسی ایکٹ کے تحت ممکن ہیں۔