خبرنامہ خیبر پختونخوا

توانائی بحران کے خاتمہ کا وعدہ پورا کر دیا ہے، مرتضیٰ جاوید عباسی

توانائی بحران کے خاتمہ کا وعدہ پورا کر دیا ہے، مرتضیٰ جاویدعباسی
ایبٹ آباد:(ملت آن لائن) ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف کی قیادت میں توانائی بحران کے خاتمہ کا وعدہ پورا کر دیا ہے اور ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کی بدولت عوام نے بھرپور استفادہ کرنا شروع کر دیا ہے۔ تحریک انصاف کو ملک میں جمہوری رویوں کو فروغ دینا چاہئے۔ وہ بدھ کو لورہ کے مقام پر عمائدین علاقہ سے خطاب کر رہے تھے۔ ڈپٹی سپیکر مرتضیٰ جاوید عباسی نے کہا کہ حکومت کے سنجیدہ اقدامات کی بدولت بجلی کی مجموعی پیداوار میں اضافہ ہوا ہے اور ملک تیزی سے اندھیروں کے خاتمہ کی جانب گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے سی پیک جیسا منصوبہ عوام کو دیا، ملک میں سڑکوں کے جال بچھائے اور معیشت کو مضبوط کیا، ملک میں چند عناصر کو جمہوریت پروان چڑھتی ہوئی اچھی نہیں لگتی اور وہ ملک میں انتشار پیدا کر کے ملک کو نقصان پہنچانے کے درپے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کو ملک میں جمہوری رویوں کو فروغ دینا چاہئے اور غیر جمہوری رویوں سے اجتناب کرنا چاہئے۔ قبل ازیں لوگوں نے ڈپٹی سپیکر کو اپنے علاقہ کے مسائل سے آگاہ کیا جس پر ڈپٹی سپیکر نے جلد از جلد ان مسائل کو حل کرنے کی یقین دہانی کروائی۔