خبرنامہ خیبر پختونخوا

تیس اکتوبر کو عوام کا سمندر اسلام آباد جا ئے گا‘پرویز خٹک

کوہستان کیلئے ترقیاتی پیکج کا اعلان ، ایک کیڈٹ کالج اور ایک ٹیکنکل ٹریننگ سنٹر کا قیام ، چار ایمبولینسسز کی فراہمی، دو بی ایچ یوز کی رورل ہیلتھ سنٹرز میں تبدیلی، پٹن ہائی سکول کو ہائر سیکنڈری کا درجہ دینے کا اعلان، پٹن ہسپتال کیلئے 50 کے وی جنریٹر کی منظوری، اریگیشن چینلز کی بحالی سمیت کئی دوسرے منصوبے شامل
کوہستان (آئی این پی)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ موجودہ اور سابقہ وفاقی حکمرانوں نے قومی خزانے کو بے دردی سے لوٹا اور پیسہ باہر منتقل کردیا ، اب انہیں شرم نہیں آتی جب لوگوں سے کہتے ہیں کہ یہاں آکر سرمایہ کاری کریں۔ سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے بدعنوانی اور لوٹ مار سے پاک ، شفاف نظام اور پر اعتماد ماحول کی ضرورت ہو تی ہے جس کی ان حکمرانوں سے اْمید نہیں کی جا سکتی۔ وہ تحصیل پٹن ضلع کوہستان میں عوامی اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر کوہستان کیلئے ترقیاتی پیکج کا اعلان کیا جس میں ایک کیڈٹ کالج اور ایک ٹیکنکل ٹریننگ سنٹر کا قیام ، چار ایمبولینسسز کی فراہمی، دو بیسک ہیلتھ یونٹس کی رورل ہیلتھ سنٹرز میں تبدیلی، پٹن ہائی سکول کو ہائر سیکنڈری کا درجہ دینے کا اعلان، پٹن ہسپتال کیلئے 50 KV جنریٹر کی منظوری، اریگیشن چینلز کی بحالی سمیت کئی دوسرے منصوبے شامل ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ ضلع کوہستان کو بجٹ کا پورا حصہ ملے گا۔ 55 کروڑ روپے جاری کردیئے ہیں جن میں سے 6 کروڑ روپے پینے کے صاف پانی کی فراہمی پر لگائے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے موقع پر موجود حکام کو ہدایت کی کہ سیلاب سے متاثرہ اریگیشن چینلز ، سڑکوں کی بحالی اور پانی کی فراہمی کیلئے پی سی ون تیار کریں اور ایک ماہ کے اندر کام شروع کرکے جلد مکمل کیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشننز کو فنڈز کی فراہمی کا ایک نظام وضع کردیا گیا ہے جس کے مطابق ایک خود کار طریقے سے وسائل فراہم کردیئے جاتے ہیں۔وزیراعلیٰ کے مشیر عبد الحق، پی ٹی آئی کے ریجنل صدر زرگل خان نے بھی جلسے سے خطاب کیا جبکہ ایم پی اے شوکت یوسفزئی ، جاوید نسیم اور دیگر اس موقع پر موجو دتھے۔ کرپشن اور لوٹ مار کے خاتمے کیلئے تحریک انصاف کی کا?شوں سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف ملک سے لوٹ مار ، کرپشن اور اقرباء4 پروری کے خاتمے کیلئے جہاد جاری رکھے گی 30 اکتوبر کو عوام کا سمندر حکمرانوں سے احتساب لینے کیلئے اسلام آباد جا ئے گا۔ ابھی سے اْن کے اوسان خطا ہو گئے ہیں ادھر اْدھر کی بڑھکیں مار رہے ہیں یہ ایک تاریخی مارچ ہو گا عوام کا ٹھاٹھیں مارتا سمندر باہر نکلے گا اور حکمرانوں سے لوٹی ہوئی دولت کا حساب لے گا۔ہم قومی خزانہ لوٹنے والوں کو بھاگنے نہیں دیں گے اور اْنہیں ضرور عوام کی عدالت میں لائیں گے اْنہیں اس قوم سے ظلم کا حساب دینا ہوگا۔