خبرنامہ خیبر پختونخوا

جامعہ حقانیہ کاکردارکسی سے پوشیدہ نہیں، تحریک انصاف

پشاور: تحریک انصاف نے جامعہ حقانیہ کے حوالے سے آصف زرداری کی تشویش پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دینی مدارس کو تنہا چھوڑ کر نہیں بلکہ ساتھ ملا کر قومی دھارے میں شامل کیا جاسکتا ہے جب کہ دین وعلم کی خدمت میں جامعہ حقانیہ کا کردار کسی سے پوشیدہ نہیں ہے۔ تحریک انصاف کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات نعیم الحق کا کہنا تھا کہ سیاسی اختلافات رائے اپنی جگہ لیکن دین وعلم کی خدمت میں جامعہ حقانیہ کا کردار کسی سے پوشیدہ نہیں جب کہ محض چند شرپسندوں کے زمانہ طالب علمی کے دوران کسی تعلیمی ادارے سے وابستگی اس ادارے کو زیرعتاب لانے کا جواز نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہید بے نظیربھٹو نے بھی نہ صرف اس مدرسے کا دورہ کیا بلکہ مالی وسائل بھی مہیا کیے جب کہ دینی مدارس میں زیر تعلیم لاکھوں بچے پاکستانی ہیں اور ریاست کی پوری توجہ کے حقدار ہیں۔ نعیم الحق نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت ذاتی مفادات کے بجائے دینی مدارس کی قومی دھارے میں شمولیت کے لیے متحرک ہے جب کہ مختلف نظام ہائے تعلیم کی بجائے یکساں نظام تعلیم ایک قوم کی تشکیل کے لئے ناگزیز ہے – پشاور میں پریس کانفرنس کے دوران چیرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا تھا کہ مدرسہ حقانیہ کو دی جانے والی امداد خیبر پختونخوا میں مدرسہ اصلاحات کا آغاز ہے جب کہ ملک بھر کے مدارس میں 2 لاکھ طلبا پڑھ رہے ہیں اور حکومت انہیں تنہا نہیں چھوڑ سکتی اس لیے ہم نے مدارس اصلاحات کا آغاز کیا ہے۔