خبرنامہ خیبر پختونخوا

جماعت اسلامی اقتدار میں آکر بلدیاتی نظام کو مزید تر قی دیکر مستحکم بنائے گی: عنایت اللہ

پشاور(ملت + آئی این پی)صوبہ خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر برائے بلدیات و دیہی ترقی عنایت اللہ نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی اقتدار میں آکر بلدیاتی نظام باالخصوص ویلج کونسل نظام کو مزید تر قی دیکر مستحکم بنائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ بلدیاتی نظام کے استحکام کے نتیجے میں نہ صرف مسائل گراس روٹ لیول پر حل ہونگے بلکہ جمہوریت بھی مضبوط ہوگی اور مقامی طور پر نئی قیادت اْبھرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی کے نائب امیر فضل اللہ کی قیادت میں ویلیج کونسل ناظمین کے ایک وفد کے ساتھ ایک اجلاس میں کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری ایل سی بی حضر حیات، اے ڈی لوکل گورنمنٹ پشاور ریاض احمد اور ٹی ایم او ٹا?ن ٹو امین گل بھی موجود تھے۔ عنایت اللہ نے کہا کہ اگر بلدیاتی نظام کچھ عرصہ تک چلے تو اس کے اچھے نتائج اور ثمرات مرتب ہونگے۔ انہوں نے ناظمین پر زور دیا کہ وہ ویلج کونسل میں کونسلرز کی معاونت کریں اور ان کو اعتماد میں رکھیں اور ان کی مشاورت کے بغیرکوئی منصوبہ کونسل سے پاس نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ ویلج کونسل کے حوالے سے موجود ہ انتظامی اور قانونی مسائل حل کرینگے اور اس ضمن میں بلدیاتی قانون میں ضروری ترامیم بھی کریں گے۔ناظمین نے صوبائی وزیر کو اپنے مسائل اور مشکلات سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے موقع پر ہی مشکلات کے حل کیلئے احکامات جاری کئے۔