خبرنامہ خیبر پختونخوا

جماعت اسلامی پشاور کا 15 نومبر کو اے پی سی بلانے کا اعلان

پشاور: (ملت+اے پی پی) امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا مشتاق احمد خان نے سی پیک کے حوالے سے پشاور میں 15 نومبر کو آل پارٹیز کانفرنس منعقد کرنے کا اعلان کر دیا ۔ مشتاق احمد خان کہتے ہیں صوبے کی 12 سے زائد بڑی اور چھوٹی جماعتوں کے نمائندے شریک ہوں گے ۔ سی پیک پر تحفظات دور کرنے کے لیے وزیر اعظم اپنا کردار ادا کریں ۔ المرکز جماعت اسلامی پشاور میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مشتاق احمد خان کا کہنا تھا کہ سی پیک منصوبی گیم چینجر ہے لیکن اس منصوبے میں وفاق کے پی کو نظر انداز کر رہا ہے ۔ پہلی اے پی سی میں کیے گئے وعدوں پر عمل نہیں کیا جا رہا ، سی پیک کسی ایک کا نہیں سب کا ہے ، اس لیے پہلی اے پی سی کو متنازعہ بنانے کی بجائے اسی پر عمل کیا جائے ۔ ان کا کہنا تھا کہ 15 نومبر کو المرکز جماعت اسلامی پشاور میں آل پارٹیز کانفرنس بلائی گئی ہے جس میں تمام سیاسی پارٹیاں شریک ہوں گی ۔ اے پی سی میں مطالبہ کیا جائے گا کہ چاروں صوبوں کا حصہ بتایا جائے تاکہ تحفظات دور ہوں سکیں ۔ پریس کانفرنس میں وزیر بلدیات عنایت اللہ خان اور وزیر خزانہ مظفر سید بھی موجود تھے جنہوں نے سانحہ نورانی شاہ درگاہ میں ہونے والے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ کھلی دہشتگردی کی تحقیقات کروائی جائیں ۔