خبرنامہ خیبر پختونخوا

جنوبی وزیرستان کے15 ہزارخاندان واپس پہنچ گئے

اسلام آباد:(اے پی پی) آپریشن ضرب عضب کے دوران متاثر ہونے والے جنوبی وزیرستان کے بے گھر افراد( آئی ڈی پیز) کی واپسی کے تیسرے مرحلہ میں اب تک 15 ہزار 866 خاندان واپس اپنے آبائی علاقوں میں پہنچ گئے۔ فاٹا ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کے جاری اعداد و شمار کے مطابق ان میں 8 ہزار 411 رجسٹرڈ ہیں جبکہ 7 ہزار 455 خاندان غیر رجسٹرڈ ہیں۔ حکام کے مطابق واپس جانے والے افراد کو 10 ہزار روپے ٹرانسپورٹ کی مد میں جبکہ 25 ہزار روپے کیش گرانٹ بذریعہ اے ٹی ایم کارڈ دی جا رہی ہے جبکہ واپس جانے والے بے گھر افراد کے خاندان میں چھ ماہ کیلئے مفت اشیاء خوردونوش، کمبل اور دیگر ضروری اشیاء ورلڈ فوڈ پروگرام کے تحت دی جا رہی ہے۔ حکام کے مطابق واپس جانے والے افراد کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کیلئے مختلف چیک پوسٹوں پر قطرے بھی پلائے جا رہے ہیں۔