خبرنامہ خیبر پختونخوا

جہانگیر ترین کو صادق اور امین سمجھتا ہوں: پرویزخٹک

جہانگیر ترین کو صادق اور امین سمجھتا ہوں: پرویز خٹک
پشاور:(ملت آن لائن) وزیراعلیٰ‌ خیبر پختون خوا پرویز خٹک کا کہنا ہے کہ عمران خان کے خلاف بدنیت لوگوں نے کیس کیا، خان نے کسی قسم کی کرپشن نہیں کی، بلکہ وہ باہر سے پیسہ کما کر پاکستان لائے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں‌ نے اے آر وائی کے پروگرام الیونتھ آور میں‌ گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ میری نظرمیں جہانگیرترین صادق وامین ہیں، ہم فیصلے کے خلاف نظرثانی اپیل دائرکریں گے، جہانگیرترین کے خلاف کرپشن اورمنی لانڈرنگ ثابت نہیں ہوئی، پی ٹی آئی چاہتی ہے کہ میدان میں رہیں۔ ایک سوال کے جواب میں‌ پرویز خٹک نے کہا کہ کے پی کےحکومت کی کارکردگی ملک میں سب سے بہترہے، تعلیمی حوالے سے دس بہترین اضلاع میں سے نو خیبر پختون خوا میں ہیں، ہم نے ہر بچے کو اسکول بھیجنے کا قانون پاس کرلیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کے پی کے نے کئی مدارس کو قومی دھارے میں لانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ پی ٹی آئی خیبرپختون خوا میں آئندہ انتخابات میں مولانا سمیع الحق سے اتحاد کرے گی۔ انھوں‌ نے کہا کہ عمران خان میٹرو منصوبے کے خلاف نہیں، کرپشن کے خلاف ہیں، پشاورمیں میٹرو منصوبے کی ضرورت تھی، ہماری منصوبہ ساری دنیاکوحیران کردے گا۔ انھوں‌ نے تسلیم کیا کہ رواں‌ برس ڈینگی کی روک تھام میں‌ تھوڑی بے پرواہی ہوئی، مگر اگلے برس اس پر قابو پالیا جائے گا۔