خبرنامہ خیبر پختونخوا

حالیہ بارشوں سے متاثرہ کوہستان کے علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کا سلسلہ جاری ہے، حافظ طلحہ سعید

ہری پور:(اے پی پی) جماعۃ الدعوۃ پاکستان کے شعبہ اساتذہ کے مرکزی چیئرمین حافظ طلحہ سعید نے کہا ہے کہ حالیہ بارشوں سے متاثرہ کوہستان کے علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں، کیہال روڈ 16 مختلف مقامات سے تباہ ہے جو پاک چائنہ کوریڈور کی تعمیر میں تاخیر کا باعث بنے گا، حکومت سڑک کی فوری تعمیر کیلئے ہنگامی اقدامات اٹھائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بارش سے متاثرہ کوہستان کے مختلف علاقوں کے دورہ اور سامان تقسیم کرنے کے بعد واپسی پر ہری پور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر عتیق چوہان، ابو ولید ہزاروی اور ابو عبداﷲ سیاف بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ حالیہ بارشوں کے بعد سربراہ جماعت الدعوۃ حافظ محمد سعیدکی خصوصی ہدایت پر فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کے چیئرمین نے متاثرہ علاقوں کے دورے کئے اور سروے کروائے جس کی روشنی میں انہوں نے متاثرہ علاقون میں امدادی سامان پہنچایا۔ ان کا کہنا تھا کہ پٹن، پالس، داسو، کیہال، کروڑہ اور دیگر علاقوں میں سینکڑوں مکانات تباہ اور انسانی جانیں ضائع ہوئی ہیں، مشکل کی اس گھڑی میں ہم اپنے مسلمان بھائیوں کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑ سکتے۔